ضرورت پڑنے پر تعلیمی اداروں کو تعطیل، سرکاری ملازمین کی رخصت منسوخ کرنے پر زور، چیف منسٹر ریونت ریڈی کی ضلع کلکٹرس سے ویڈیو کانفرنس
حیدرآباد 12 اگست (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے ضلع کلکٹرس اور تمام سرکاری محکمہ جات کو آئندہ 72 گھنٹوں تک سخت چوکسی کی ہدایت دی کیوں کہ ریاست بھر میں موسلا دھار بارش کی پیش قیاسی کی گئی ہے۔ بارش کی صورتحال اور بچاؤ اور امدادی کاموں کا جائزہ لینے کیلئے چیف منسٹر ریونت ریڈی نے آج ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ ضلع کلکٹرس اور اعلیٰ عہدیداروں کو ہدایات جاری کیں۔ اُنھوں نے کہاکہ نشیبی علاقوں کی صورتحال پر گہری نظر رکھی جائے اور ضرورت پڑنے پر عوام کو محفوظ مقامات منتقل کرتے ہوئے جانی اور مالی نقصانات کے امکانات کم کئے جائیں۔ چیف منسٹر نے کہاکہ ضلع کلکٹرس کو کمانڈ کنٹرول روم سے ربط میں رہتے ہوئے اپنے علاقوں کی صورتحال سے واقف کرانا چاہئے۔ اُنھوں نے کہاکہ ایسے علاقے جو پانی میں محصور ہوچکے ہیں وہاں بچاؤ اور راحت کے کام فوری شروع کئے جائیں۔ عہدیداروں کی اوّلین ترجیح جانی اور مالی نقصانات کو روکنا ہے۔ چیف منسٹر نے عہدیداروں سے کہاکہ وہ بچاؤ اور راحت کے کاموں کے لئے فنڈس کی فکر نہ کریں کیوں کہ حکومت درکار فنڈس جاری کرے گی۔ اُنھوں نے محکمہ برقی کے عہدیداروں سے کہاکہ وہ بارش کے موقع پر چوکس رہیں تاکہ عوام کو برقی شاک اور برقی تار گرنے سے ہونے والی مشکلات سے دور کیا جاسکے۔ اُنھوں نے کہاکہ بلاوقفہ برقی سربراہی کو یقینی بنانے کے لئے موبائیل ٹرانسفارمرس اور جنریٹرس کو تیار رکھا جائے۔ اُنھوں نے کہاکہ بارش کے پانی کی فوری نکاسی کے لئے ڈرینج سسٹم کو بہتر بنایا جائے۔ اُنھوں نے کہاکہ ایسے علاقے جہاں موسلا دھار بارش کی پیش قیاسی کی گئی ہے وہاں کے عوام کو پہلے سے چوکس کیا جائے۔ اُنھوں نے بتایا کہ کھمم میں 2 گھنٹے میں 42 سنٹی میٹر بارش ریکارڈ کی جاچکی ہے۔ اِس طرح کی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تمام محکمہ جات کو باہمی تال میل کے ساتھ چوکس رہنا ہوگا۔ چیف منسٹر نے کہاکہ ملازمین کی رخصت کو آئندہ 3 دنوں تک منسوخ کرتے ہوئے اُنھیں 24 گھنٹے دستیاب رہنے کی ہدایت دی جائے۔ حیدرآباد اور اطراف کے علاقوں میں بارش کی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے چیف منسٹر نے کہاکہ حیدرآباد میں نشیبی علاقوں کے عوام کو پولیس کی جانب سے چوکس کیا جانا چاہئے۔ موسیٰ ندی سے مربوط آبادیوں کو چوکس کیا جائے اور ضرورت پڑنے پر محفوظ مقامات کو منتقلی عمل میں لائی جائے۔ اُنھوں نے کہاکہ حیدرآباد کے تینوں کمشنریٹس کو ٹریفک نظام کو بہتر بنانے اور لاء اینڈ آرڈر پر قابو پانے میں ایک دوسرے سے تعاون کرنا چاہئے۔ اُنھوں نے کہاکہ ایف ایم ریڈیو کے ذریعہ عوام کو بارش کے بارے میں وقتاً فوقتاً اطلاع دی جائے۔ چیف منسٹر نے کہاکہ عہدیداروں کو 24 گھنٹے میں محض 2 سنٹی میٹر بارش سے نمٹنے کا تجربہ ہے اور بادلوں کے پھٹ پڑنے کی صورتحال سے نمٹنے کے لئے بھی تیار ہونا چاہئے۔ چیف منسٹر نے صورتحال کے مطابق اسکولوں اور کالجس کو تعطیل کا فیصلہ کرنے کی کلکٹرس اور عہدیداروں کو ہدایت دی۔ آئی ٹی شعبہ کے ملازمین کو ورک فرم ہوم کا مشورہ دیا گیا۔ اُنھوں نے کہاکہ بارش کے دوران سڑک پر ٹریفک کو کم کرتے ہوئے ٹریفک جام کی صورتحال سے بچا جاسکتا ہے۔ اُنھوں نے ہر ضلع میں عوام کی مدد کے لئے ٹول فری نمبر جاری کرنے کی ہدایت دی۔ اُنھوں نے کہاکہ عوام کو گمراہ کن اطلاعات کا شکار ہونے کی ضرورت نہیں اور وہ سرکاری عہدیداروں سے ربط قائم کرسکتے ہیں۔ ویڈیو کانفرنس میں ریاستی وزراء ٹی ناگیشور راؤ، پونم پربھاکر، سریدھر بابو، چیف سکریٹری رام کرشنا راؤ، ڈی جی پی جیتندر اور مختلف محکمہ جات کے اعلیٰ عہدیداروں نے شرکت کی۔1