ہر مستحق کو راشن کارڈ دستیاب ہوگا۔ ریونت ریڈی نے وزراء اور اعلیٰ عہدیداروں کا جائزہ اجلاس طلب کیا
حیدرآباد ۔ 25 جنوری (سیاست نیوز) چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے چار نئے اسکیمات ریتو بھروسہ، اندراماں آتمیہ بھروسہ، اندراماں مکانات اور راشن کارڈس پر 26 جنوری اتوار سے عمل کرنے کا اعلان کیا ہے۔ چیف منسٹر نے آج وزراء اور اعلیٰ عہدیداروں کا ایک اجلاس طلب کرتے ہوئے کل سے شروع ہونے والی نئی اسکیمات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر چیف منسٹر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں گزشتہ 10 سال کے دوران کبھی گرام سبھاؤں کا انعقاد نہیں کیا گیا اور نہ ہی کسی بھی مسئلہ پر عوامی رائے حاصل کی گئی۔ ریاست میں کانگریس کی عوامی حکومت قائم ہوئی ہے اور عوام کیلئے کام کررہی ہے۔ عوام کو راشن کارڈس کے مسئلہ پر پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ حکومت تمام مستحق اور اہل عوام کو ایک دو دن کی تاخیر سے سہی سب کو راشن کارڈس فراہم کرے گی۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے عہدیداروں کو مشورہ دیا کہ وہ صبروتحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے عوام کے مسائل کو سنیں اور انہیں تشفی بخش جواب دیں۔ تمام مستحق افراد کو راشن کارڈس دینے تک اس کا عمل جاری رہے گا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ سوائے حیدرآباد کے ریاست کے تمام منڈلوں میں 26 جنوری سے ان چار اسکیمات پر عمل آوری کا آغاز ہوگا۔ ہر منڈل کے ایک گاؤں میں اس اسکیم کا آغاز ہوگا۔ ایک گاؤں کا انتخاب کرتے ہوئے ہر ایک اسکیم کیلئے ایک عہدیدار اس طرح چار عہدیداروں کا انتخاب کرنے پر زور دیا گیا۔ فبروری کے پہلے ہفتے سے 31 مارچ تک ریاست کے تمام گاؤں میں اہل افراد کو ان اسکیمات سے فائدہ پہنچانے پر زور دیا گیا۔ 31 مارچ تک ان چار اسکیمات پر صدفیصد عمل آوری کو یقینی بنانے پر زور دیا گیا۔ کسی بھی حقیقی مستحق سے ناانصافی نہ کرنے کی ہدایت دی گئی۔ ان اسکیمات کی عمل آوری سے اہل افراد محرم ہوتے ہیں تو عہدیداروں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا انتباہ دیا گیا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ کانگریس پارٹی وعدوں پر عمل آوری میں عہدکی پابند ہے۔ عوام کو ہرگز پریشان ہونے یا الجھن کا شکار ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ ساتھ ہی اپوزیشن کی گمراہ کن مہم پر بھروسہ بھی نہ کریں۔ انتخابی وعدوں کے مطابق پہلے سال ہی کانگریس حکومت نے کسانوں کے 21 ہزار کروڑ روپئے قرض کو معاف کیا ہے۔ 500 روپئے میں گیس سلنڈر دیا جارہا ہے۔ 200 یونٹ تک مفت برقی سربراہ کی جارہی ہے۔ آر ٹی سی بسوں میں خواتین کو مفت سفر کرنے کی سہولت فراہم کی جارہی ہے۔ آروگیہ شری اسکیم کو 5 لاکھ سے بڑھا کر 10 لاکھ روپئے کردیا گیا ہے۔ بیروزگار نوجوانوں کو 55 ہزار سے زیادہ ملازمتیں فراہم کی گئی ہیں۔2