ریاست میں آج 3752 گرام پنچایتوں کے تیسرے اور آخری مرحلے کے انتخابات

   

Ferty9 Clinic

394 سرپنچوں کا بلا مقابلہ انتخاب، 20 ڈسمبر کو گرام پنچایتوں کی گورننگ باڈی کا پہلا اجلاس

حیدرآباد۔ 16 ڈسمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ میں گرام پنچایت انتخابات کا عمل اہم مرحلے میں داخل ہو چکا ہے۔ ریاست میں پنچایت انتخابات کے تیسرے مرحلے کی رائے دہی 17 ڈسمبر کو ہوگی جس کیلئے انتخابی مہم 15 ڈسمبر کو شام میں اختتام کو پہنچی ۔ ریاستی الیکشن کمیشن نے بتایا کہ تیسرے مرحلے کے تحت 4157 گرام پنچایتوں کیلئے نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے ان میں 394 سرپنچوں کا بلامقابلہ انتخاب ہوا۔ مجموعی طور پر 3752 سرپنچ اور 28,406 وارڈ ممبرس کیلئے پولنگ ہوگی۔ سرپنچ عہدوں کے لئے 12,640 امیدوار جبکہ وارڈ ممبرس کے لئے 75,283 امیدوار انتخابی میدان میں اپنی قسمت آزما رہے ہیں۔ الیکشن کمیشن نے رائے دہی اور ووٹوں کی گنتی کے عمل کو شفاف بنانے کے لئے سخت انتظامات کی ہدایت دی ہے اور دوبارہ گنتی کی صورت میں خصوصی اقدامات کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ تیسرے مرحلے کے گرام پنچایت انتخابات کے لئے ریاستی الیکشن کمیشن نے امن و امان کو برقرار رکھنے کے لئے سخت پابندیاں نافذ کردی ہیں۔ 15 ڈسمبر کی شام سے 18 ڈسمبر کی صبح 10 بجے تک جلسوں، جلوسوں، مظاہروں اور لاؤڈ اسپیکر کے استعمال پر امتناع عائد رہے گا۔ پولیس کو ہدایت دی گئی ہیکہ پولنگ اور ووٹوں کی گنتی کے دوران کسی بھی قسم کی بدنظمی یا خلل ڈالنے والی سرگرمیوں کو سختی سے نمٹا جائے۔ تلنگانہ میں گرام پنچایت انتخابات کے دوسرے مرحلے کے نتائج میں کانگریس کے حامیوں نے سبقت حاصل کی ہے۔ کانگریس کے حامیوں نے دوسرے مرحلے کے سرپنچ انتخابات میں 53.54 فیصد کامیابی درج کی ہے۔ بی آر ایس کے حامیوں کی کامیابی کا تناسب 27.60 فیصد رہا ہے جبکہ بی جے پی کے حامیوں کی کامیابی کا تناسب 5.94 فیصد رہا ہے۔ آزاد امیدواروں کی کامیابی کا تناسب 12.92 فیصد ہے۔ دوسری جانب حکومت نے نومنتخب سرپنچوں اور وارڈ ممبرس کے لئے اہم احکامات جاری کئے ہیں۔ حکومت نے ہدایت دی ہے کہ 20 ڈسمبر کو گرام پنچایتوں کی گورننگ باڈی کا پہلا اجلاس منعقد کیا جائے جس میں اسپیشل آفیسرس سرپنچوں اور وارڈ ممبرس کو حلف دلائیں گے جس کے بعد انہیں ذمہ داریاں سونپی جائیں گی۔ اس دن اجلاس میں شرکت کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔ اگر کوئی اسپیشل آفیسر رخصت پر ہو تو متعلقہ ضلع کلکٹر ان کی جگہ انچار ج مقرر کریں گے۔ مزید یہ بھی ہدایت دی گئی ہے کہ 20 ڈسمبر کو منعقد ہونے والی گورننگ باڈی کی پہلی میٹنگ کی قرار دادیں متعلقہ منڈلوں کے ایم پی ڈی اوز کے ذریعہ اسی دن شام 5 بجے تک اضلاع کے کلکٹر س کو روانہ کردی جائیں گی۔ 2