96 لاکھ افراد میں15 لاکھ عینکوں کی تقسیم، 15 جون تک پروگرام جاری رہیگا
حیدرآباد۔/2اپریل، ( سیاست نیوز) ریاست میں آنکھوں کے معائنہ سے متعلق آنکھوں کی روشنی پروگرام کے تحت ایک کروڑ کے قریب آنکھوں کے معائنے مکمل ہوچکے ہیں اور عنقریب ایک کروڑ سے تجاوز کرلیا جائے گا۔ ریاست بھر میں آنکھوں کی روشنی پروگرام کامیابی کے ساتھ جاری ہے اور 47 ایام کار کے دوران 96 لاکھ 7 ہزار764 افراد کی آنکھوں کا معائنہ کیا گیا۔ 15 لاکھ 65 ہزار ریڈنگ گلاسیس کی تقسیم عمل میں آئی۔ 11.68 لاکھ افراد کیلئے دیگر گلاسیس کی تیاری کا کام جاری ہے۔ 6873020 افراد میں آنکھوں کا کوئی بھی عارضہ نہیں پایا گیا۔ حکومت کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق آنکھوں کی حفاظت اور اندھے پن کے خاتمہ کے مقصد سے پروگرام 18 جنوری کو شروع کیا گیا تھا۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی خصوصی دلچسپی سے ریاست بھر میں 1500 سے زائد خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ دوسرے مرحلہ کے پروگرام میں ایک لاکھ کے نشانہ کی تکمیل عنقریب ہوجائے گی اور محکمہ نے 60.55 لاکھ افراد کا نشانہ مقرر کیا تھا۔ 45 لاکھ مرد اور 50 لاکھ خواتین کی آنکھوں کا معائنہ کیا گیا۔ 15 اگسٹ 2018 کو اس پروگرام کا پہلا مرحلہ ضلع میدک میں شروع کیا گیا تھا جو 8 ماہ تک جاری رہا۔ پہلے مرحلہ میں ایک کروڑ 50 لاکھ افراد کا معائنہ کرتے ہوئے 50 لاکھ عینکیں تقسیم کی گئی تھیں۔ تمام اضلاع میں 60 فیصد سے زائد نشانہ کی تکمیل ہوچکی ہے۔ حکومت 100 ایام کار میں اس پروگرام کو جاری رکھنے کا منصوبہ رکھتی ہے۔ عوامی نمائندوں کو اس پروگرام میں شامل کیا گیا ہے۔ یہ پروگرام 15 جون تک جاری رہے گا۔ ریاست کے 12789 گرام پنچایتوں میں 52 فیصد کا احاطہ کیا جاچکا ہے۔ 6567 گرام پنچایتوں میں آنکھوں کا معائنہ مکمل ہوگیا جبکہ باقی 946 گرام پنچایتوں میں نشانہ کی تکمیل باقی ہے۔ میونسپل کارپوریشنوں میں 2209 وارڈز میں یہ پروگرام مکمل ہوچکا ہے۔ دوسرے مرحلہ میں ایک کروڑ 70 لاکھ افراد کے معائنے کا نشانہ ہے۔ر