ریاست میں اراضیات کی قیمت اور رجسٹریشن فیس پر نظر ثانی کی تیاریاں

   

قیمتوں میں20 تا 40 فیصد اضافہ کے امکانات ، تفصیلات پر مشتمل رپورٹ حکومت کو پیش

حیدرآباد ۔ 11 ۔ جون ( سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت ریاست میں زرعی اور غیر زرعی اراضیات کی رجسٹریشن فیس میں اضافہ کرنے کی تیاری کررہی ہے ۔ رجسٹریشن ڈپارٹمنٹ کے ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ اراضیات کی قیمتوں میں نظر ثانی کرنے کیلئے پہلے ہی فیلڈ لیول کا مطالعہ مکمل ہوچکا ہے ۔ حکومت قیمتوں میں اضافہ کرنے کا فیصلہ کرتی ہے تو فوری اس پر عمل کیا جائے گا ۔ ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ اراضیات کی قیمتوں پر نظر ثانی کرنے کے تعلق سے جون کے اواخر تک فیصلہ ہوجانے کی توقع کی جارہی ہے ۔ تقریبا 20 تا 40 فیصد قیمتوں میں اضافہ ہونے کے امکانات ہیں ۔ واضح رہے کہ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے 16 مئی کو اسٹامپ اینڈ رجسٹریشن ڈپارٹمنٹ کے اعلیٰ عہدیداروں کا جائزہ اجلاس طلب کیا تھا اور اس ڈپارٹمنٹ کی آمدنی میں اضافہ کرنے کی ہدایت دی تھی ۔ گذشتہ سال محکمہ اسٹامپ اینڈ رجسٹریشن سے 18,500 کروڑ روپئے کی آمدنی ہونے کا اندازہ لگایا گیا تھا ۔ تاہم 14,295 کروڑ یعنی صرف 77 فیصد آمدنی حاصل ہوئی تھی جس پر چیف منسٹر نے عدم اطمینان کا اظہار کیا تھا ۔ کئی مقامات پر اراضیات کی مارکٹ قدر اور فروخت کی قیمت میں کافی فرق پایا گیا ہے۔ اس لیے اراضی کی قیمت اور اسٹامپ ڈیوٹی پر نظر ثانی کرنے کا حکم دیا گیا ہے ۔ کونسے علاقوں میں قیمتوں پر نظر ثانی کی جائے ۔ زرعی اراضیات ، غیر زرعی اراضیات ، پلاٹس ، اپارٹمنٹس کی قیمتوں میں کتنی نظر ثانی کی جائے ۔ اس کا جائزہ لینے اور فیلڈ سطح پر معائنہ کرتے ہوئے رپورٹس تیار کرنے کی عہدیداروں کو ہدایت دی گئی ہے ۔ ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ دیگر ریاستوں کی صورتحال کا بھی مطالعہ کیا گیا ہے اور اس کی تفصیلات ریاستی وزیر مال کو پیش کردی گئی ہے ۔ ان کی جانچ کے بعد حکومت فیصلہ کرے گی کے اراضیات کی قیمتوں میں کس حد تک نظر ثانی کی جائے ۔ تلنگانہ حکومت نے مکمل بجٹ پیش کرنے کی تیاریوں کا آغاز کردیا ہے ۔ مختلف محکمہ جات سے تجاویز وصول کی جارہی ہیں اس تناظر میں محکمہ اسٹامپ اینڈ رجسٹریشن میں اضافہ کی جانے والی قیمتوں کے حساب سے بجٹ اندازہ لگانے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں ۔ گذشتہ مالیاتی سال 18,500 کروڑ آمدنی کا نشانہ مختص کیا گیا تھا تاہم اس مرتبہ 20 تا 21 ہزار کروڑ کے درمیان اندازہ لگانے کی توقع کی جارہی ہے ۔ محکمہ اسٹامپ اینڈ رجسٹریشن کی آمدنی گذشتہ سال کے بہ نسبت جاریہ سال 40 فیصد زیادہ حاصل کرنے کی حکمت عملی تیار کرنے کا علم ہوا ہے۔۔ 2