اسکالرشپ، سبسیڈی اسکیم اور دیگر اسکیمات شامل، ائمہ اور مؤذنین کے اعزازیہ کیلئے 30 کروڑ مختص، سکریٹری تفسیر اقبال کے احکامات
حیدرآباد ۔14۔نومبر (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے محکمہ اقلیتی بہبود کیلئے مالیاتی سال 2024-25 بجٹ کے تیسرے سہ ماہی کے تحت 294 کروڑ 61 لاکھ 69 ہزار روپئے کا بجٹ منظور کیا ہے ۔ اسپیشل سکریٹری اقلیتی بہبود تفسیر اقبال نے جی او آر ٹی 95 جاری کیا جس میں مختلف اسکیمات کیلئے بجٹ کی منظوری کی تفصیلات شامل کی گئیں۔ اقلیتوں کی تعلیمی اور معاشی ترقی سے متعلق اسکیمات کے لئے حکومت نے زائد بجٹ مختص کیا ہے۔ اقلیتی فینانس کارپوریشن کے تحت ٹریننگ اینڈ ایمپلائمنٹ اسکیم کے لئے 7 کروڑ 50 لاکھ مختص کئے گئے۔ بجٹ میں اسکیم کیلئے 30 کروڑ مختص کئے گئے جس میں سے 15 کروڑ جاری کئے جاچکے ہیں ۔ بینکوں سے مربوط سبسیڈی اسکیم کیلئے بجٹ میں 300 کروڑ مختص کئے گئے اور ابھی تک 150 کروڑ جاری کردیئے گئے ۔ مزید 75 کروڑ کی منظوری دی گئی ہے۔ اسکیم کیلئے مزید 75 کروڑ کی اجرائی باقی رہے گی۔ اقلیتی فینانس کارپوریشن کو فلاحی اسکیمات پر عمل آوری کے لئے 37.50 کروڑ کی منظوری دی گئی ۔ اسکیم کیلئے بجٹ میں 150 کروڑ مختص کئے گئے ۔ اقلیتی طلبہ کے اسکالرشپ کی ادائیگی کیلئے 30 کروڑ مختص کئے گئے ہیں۔ اسکالرشپ کے لئے بجٹ میں جملہ 120 کروڑ مختص کئے گئے اور ابتدائی دو سہ ماہی میں 60 کروڑ کی اجرائی عمل میں آئی ۔ چوتھے سہ ماہی میں مزید 30 کروڑ جاری کئے جائیں گے ۔ فیس ری ایمبرسمنٹ اسکیم کیلئے بجٹ میں 300 کروڑ مختص کئے گئے اور تیسرے سہ ماہی کے تحت 75 کروڑ مختص کئے گئے ۔ اسکیم کیلئے 150 کروڑ پہلے جاری کئے جاچکے ہیں۔ تلنگانہ اردو اکیڈیمی کو اردو گھر شادی خانہ اسکیم کیلئے تین کروڑ مختص کئے گئے ۔ میناریٹی اسٹڈی سرکل کیلئے ایک کروڑ روپئے مختص کئے گئے ۔ بجٹ میں مختص کردہ چار کروڑ میں دو کروڑ پہلے جاری کئے جاچکے ہیں۔ چیف منسٹر اوورسیز اسکالرشپ اسکیم کے لئے بجٹ میں 130 کروڑ مختص کئے گئے تھے۔ تیسرے سہ ماہی کے تحت 32.50 کروڑ مختص کئے گئے ۔ اسکیم کیلئے 65 کروڑ پہلے ہی جاری کردیئے گئے ۔ دائرۃ المعارف عثمانیہ کے لئے 75 لاکھ مختص کئے گئے ۔ بجٹ میں جملہ تین کروڑ مختص کئے گئے اور 1.5 کروڑ پہلے ہی جاری ہوچکے ہیں۔ اردو اکیڈیمی کو گرانٹ ان ایڈ کے تحت 29.2 لاکھ مختص کئے گئے۔ تلنگانہ وقف بورڈ کے تحت ائمہ و مؤذنین کے اعزازیہ کیلئے 30 کروڑ روپئے مختص کئے گئے ۔ اعزازیہ کی اسکیم کیلئے مجموعی بجٹ 120 کروڑ ہے جس میں سے 60 کروڑ پہلے جاری کردئے گئے ۔ سنٹر فار ایجوکیشن ڈیولپمنٹ آف مینارٹیز کے لئے 75 لاکھ مختص کئے گئے ۔ بجٹ میں تین کروڑ کے منجملہ 1.5 کروڑ پہلے جاری ہوچکے ہیں۔ مکہ مسجد اور شاہی مسجد کی نگہداشت اور مرمت کے کاموں کیلئے 82.5 لاکھ روپئے مختص کئے گئے ۔ محکمہ اقلیتی بہبود نے دونوں مساجد کیلئے ابھی تک 1.65 کروڑ جاری کئے ہیں۔ بینکوں سے مربوط سبسیڈی اسکیم کے تحت مینارٹیز فینانس کارپوریشن کو 90 فیصد جبکہ کرسچین فینانس کارپوریشن کو 10 فیصد بجٹ جاری کیا جائے گا۔ اردو گھر شادی خانہ اسکیم کے بجٹ میں فروغ اردو کیلئے 50 فیصد ، اردو گھر شادی خانہ کی تعمیر کیلئے 30 فیصد اور ووکیشنل ٹریننگ کیلئے 20 فیصد بجٹ مختص کیا جائے گا۔ ٹریننگ ایمپلائمنٹ اسکیم کے تحت مینارٹیز فینانس کارپوریشن کو 90 فیصد جبکہ کرسچین فینانس کارپوریشن کو 10 فیصد بجٹ دیا جائے گا ۔ 1