ریاست میں الیکٹرک گاڑیوں کی مانگ میں اضافہ

   

43 دنوں میں 4000 سے زائد گاڑیوں کے رجسٹریشن
حیدرآباد 29 ڈسمبر (سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں الیکٹرک گاڑیوں کی مانگ میں زبردست اضافہ ہورہا ہے اور ان گاڑیوں کی فروخت میں کافی اضافہ ہوا ہے چنانچہ گزشتہ 43 دنوں میں 4,251 الیکٹرک گاڑیوں کے رجسٹریشن ہوئے ہیں۔ محکمہ ٹرانسپورٹ کے عہدیداروں کے مطابق ریاستی حکومت کی جانب سے تلنگانہ الیکٹرک وہیکل اینڈ انرجی اسٹوریج پالیسی 2020-2030 شروع کرنے کے بعد الیکٹرک گاڑیوں کی خریدی میں بتدریج اضافہ ہورہا ہے۔ اس پالیسی میں الیکٹرک گاڑیوں کے مالکین کے لئے اہم فوائد ہیں بشمول دو سال کے لئے 31 ڈسمبر 2026 ء تک الیکٹرک گاڑیوں کے لئے روڈ ٹیکس اور رجسٹریشن فیس سے استثنیٰ۔ اس سال کے دوران موٹر سائیکلس اور آٹوز کے ساتھ تمام قسم کی الیکٹرک گاڑیوں کے رجسٹریشن میں کافی اضافہ ہوا۔ محکمہ ٹرانسپورٹ کے یہاں دستیاب تفصیلات کے مطابق اس سال کے دوران ریاست میں 78,862نئے الیکٹرک گاڑیوں کے رجسٹریشن ہوئے جبکہ گزشتہ سال 52,124 الیکٹرک گاڑیوں کے رجسٹریشن ہوئے تھے۔