ریاست میں انتخابات وقت مقررہ پر ہوں گے ۔ چیف منسٹر کے سی آر کا اعلان

   

تمام سروے بی آر ایس کے حق میں ۔ کویتا کی گرفتاری کا اندیشہ ۔ پارٹی کے توسیعی اجلاس سے خطاب
حیدرآباد /10 مارچ ( سیاست نیوز ) بی آر ایس کے سربراہ و چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر نے واضح کردیا کہ ریاست میں اسمبلی انتخابات شیڈول کے مطابق ہوں گے ۔ تمام سروے بی آر ایس کے حق میں ہم تیسری مرتبہ بھاری اکثریت سے کامیاب ہوں گے ۔ تلنگانہ بھون میں بی آر ایس توسیعی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کے سی آر نے کہا کہ انتخابات ڈسمبر میں ہونگے ۔ اس سے پہلے پارٹی کے قائدین کو انتخابی تیاریاں کرلینے پر زور دیا ۔ پارٹی کے تمام قائدین اپنے حلقوں میں عوام کے درمیان موجود رہیں ۔ ضرورت پر اسمبلی حلقوں میں پد یاترا کا بھی مشورہ دیا اور زیادہ سے زیادہ کارکنوں کا اجلاس طلب کرکے ترقیاتی پروگرامس اور فلاحی اسکیمات کے بارے میں شعور بیداری کرنے کا مشورہ دیا۔ چیف منسٹر کے سی آر نے پارٹی قائدین کو کابینہ اجلاس کے فیصلوں سے واقف کرانے ‘انہیں عوام میں لے جانے اور تشہیر کی ہدایت دی ۔ 27 اپریل کو ورنگل میں بڑا جلسہ منعقد کرنے کا اعلان کیا ۔ کافی دنوں سے ریاست میں قبل از وقت انتخابات کیلئے قیاس آرائیاں تھی ۔ ای ڈی کی جانب سے ایم ایل سی کویتا کو نوٹس کے بعد ریاست کی سیاسی صورتحال گرماگرم ہوگئی تھی ۔ جس کے بعد چیف منسٹر نے پہلے کابینہ اجلاس پھر بی آر ایس کا توسیعی اجلاس منعقد کیا تھا ۔ جس کے بعد قبل از انتخابات کی قیاس آرائیوں کو مزید تقویت مل گئی تھی تاہم کے سی آر نے ان قیاس آرائیوں کا خاتمہ کردیا ۔ یہی نہیں پارٹی قائدین کو عوام کے درمیان پہونچنے اسمبلی حلقوں میں زیر التواء ترقیاتی کاموں کی جلد مکمل کرنے کی ہدایت دی ۔ چیف منسٹر نے ای ڈی سے کویتا کو نوٹس پر پہلی مرتبہ ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ای ڈی کی پوچھ تاچھ کے بعد کویتا کو گرفتار کرنے کا بھی اندیشہ ہے ۔ گرفتار کرنا ہے تو کرلیں ہم کسی سے ڈرنے گھبرانے والے نہیں ہیں اور نہ ہی جدوجہد کو روکنے والے ہیں ۔ آئندہ انتخابات میں بی جے پی کا صفایا کرنے کے عزم کا پارٹی قائیدین کو مشورہ دیا ۔ مرکزی حکومت قومی تحقیقاتی ایجنسیوں کا بیجا استعمال کر رہی ہے ۔ تحقیقاتی ایجنسیاں وزراء کو ہراساں کرنے کے بعد اب کویتا کو ہراساں کر رہی ہیں جو کرنا ہے کرنے دو بی آر ایس مرکزی حکومت کے خلاف اپنی لڑائی جاری رکھے گی ۔ اور بی جے پی کو اقتدار سے بے دخل کرنے تک آرام نہیں کرے گی ۔ ن