الیکشن کمیشن کی جانب سے رائے دہی کے لیے تمام انتظامات مکمل کرلیے گئے
حیدرآباد 11 مئی ( سیاست نیوز ) تلنگانہ میں لوک سبھا انتخابات کے ساتھ اسمبلی حلقہ سکندرآباد کنٹونمنٹ کے ضمنی انتخاب کی انتخابی مہم آج شام اختتام کو پہونچی ۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے 13 مئی کو ہونے والی رائے دہی کیلئے تمام انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں ۔ تلنگانہ کے چیف الیکٹورل آفیسر وکاس راج نے آج ایک پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ ریاست میں بندوبست کے لیے سنٹرل فورسیس کی 160 کمپنیاں پہونچ چکی ہیں ۔ 60 ہزار اسٹیٹ پولیس کی خدمات سے بھی استفادہ کیا جارہا ہے ۔ حساس مقامات کی نشاندہی کرکے سخت سیکوریٹی کے انتظامات کئے جارہے ہیں ۔ وکاس راج نے بتایا کہ تاحال 320 کروڑ روپئے ضبط کیے گئے ۔ انہوں نے بتایا کہ ریاست میں 3.32 کروڑ رائے دہندوں کیلئے 35,809 پولنگ مراکز قائم کئے گئے ہیں ۔ ان پولنگ مراکز میں 1,09,941 بیالٹ یونٹس ، 50,135 وی وی پیاٹس اور 44,906 کنٹرول یونٹس کا انتظام کیا گیا ہے ۔ ریاست کے 17 لوک سبھا حلقوں میں 50 خواتین کے بشمول جملہ 525 امیدوار انتخابی میدان میں اپنی قسمت آزما رہے ہیں ۔ حکام نے ہوم ووٹنگ کی سہولت فراہم کی جس کیلئے 23,247 معذورین کے بشمول 85 سال عمر والوں کو حق پولنگ سے استفادہ کا موقع فراہم کیا گیا جس میں 21,651 ووٹرس نے ووٹ دیا ۔ سرکاری ملازمین کو پوسٹل بیالٹ کے ذریعہ ووٹ کی سہولت فراہم کی گئی ۔ 2,29,072 لوگوں نے درخواستیں داخل کی جس میں 1,75,994 ملازمین نے حق رائے دہی سے استفادہ کیا ۔ الیکشن ڈیوٹی سرٹیفیکٹ ( EDC ) کے ذریعہ 34,973 ملازمین رائے دہی کے دن ووٹ ڈالیں گے ۔ 13 مئی کو صبح 7 تا شام 6 بجے تک رائے دہی مقرر ہے ۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے نکسلائٹس کے متاثرہ علاقوں آصف آباد ، سرپور ، چنور ، بیلم پلی ، منچریال ، منتھنی ، بھوپال پلی ، ملگ ، بھدرا چلم ، ایلندو ، اشوا راؤ پیٹ ، کتہ گوڑم ، اسمبلی حلقوں کے حدود میں سخت سیکوریٹی کے انتظامات کئے ہیں ۔ ریاست میں 13 مئی کو 17 لوک سبھا حلقوں کے علاوہ سکندرآباد کنٹونمنٹ اسمبلی حلقہ کا ضمنی انتخاب ہورہا ہے ۔ 2