ریاست میں انٹرامتحانات کیلئے مختلف تجاویز

   

طریقہ بدلنے کی بجائے وقت میںکمی کی حکومت سے سفارش
حیدرآباد۔ تلنگانہ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ نے امتحانات کے سلسلہ میں حکومت کو سفارشات میں تجویز پیش کی کہ امتحانات کیلئے زیادہ سے زیادہ سماجی فاصلہ برقرار رکھنے اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔ ذرائع کے مطابق بورڈ عہدیداروں نے امتحانات کے طریقہ کار میں کسی قسم کی تبدیلی نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور کہا جار ہاہے کہ طریقہ کار میں تبدیلی کی بجائے امتحان کے اوقات میں کمی کا فیصلہ کیا گیا ہے اور حکومت کو تجویز روانہ کردی گئی ۔ تجویز کے مطابق تلنگانہ میں انٹرکے امتحانات کے متعلق کہا جا رہاہے کہ بورڈ نے 3گھنٹے کے وقت کو کم کرکے 90 منٹ کرنے کی سفارش کی اور کہا ہے کہ امتحانی طریقہ کار میں تبدیلی کی بجائے طلبہ کو مکمل پرچہ سوال دیتے ہوئے ان سے خواہش کی جائے گی کہ وہ 50فیصد سوالوں کے جواب دیں اور جواب کے نشانات مکمل دیئے جائیں گے ۔ ذرائع کے مطابق بورڈ کی تجویز کو حکومت سے منظور کئے جانے کا امکان ہے ۔ حکومت تلنگانہ کی جانب سے امتحان کے اوقات میں کمی کے اقدامات کی مکمل تفصیلات روانہ کرنے کی خواہش کی ہے ۔ کہا جار ہاہے کہ طلبہ کے تحفظ اور تعلیمی سال کو ضائع ہونے سے بچانے کے علاوہ اہلیت کی جانچ کیلئے بورڈ کا منصوبہ بہتر ثابت ہوسکتا ہے کیونکہ 90 منٹ میں 50 فیصد پرچہ کی تکمیل میں طلبہ کو دشواری نہیں ہوگی اور 50 فیصد پرچہ کی تکمیل پر مکمل نشانات کا حصول طلبہ کی اہلیت کو بھی واضح کریگا ۔ ماہرین تعلیم اور اساتذہ کا کہنا ہے کہ اوقات کار میں کمی یا نصاب میں کمی یا امتحان کے طریقہ کار میں تبدیلی کے فیصلہ سے طلبہ کو کم از کم دو ہفتہ قبل واقف کروانا چاہئے تاکہ طلبہ تیاری کرسکیں۔