مانسون کی آمد کے اثرات ۔ گرج چمک اور بجلی کے علاوہ تیز ہواوں کا بھی امکان
حیدرآباد۔ریاست میں آئندہ تین یوم میں مزید بارش کی پیش قیاسی کی گئی ہے ۔ محکمہ موسمیات کے اعلامیہ میں کہا گیا کہ تلنگانہ کے بیشتر اضلاع میں مانسون کی آمد کے اثرات دیکھے جانے لگے ہیں جس کی وجہ سے ریاست بھر میں موسلادھار بارش ریکارڈ کی گئی ہے اور آئندہ تین یوم میں بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔ اضلاع نارائن پیٹ ‘ گدوال‘ ونپرتی‘ ناگرکرنول ‘ محبوب نگر ‘ وقار آباد‘سنگا ریڈی ‘ نلگنڈہ‘ کھمم‘ رنگاریڈی ‘ حیدرآباد‘ میڑچل اور ملکا جگری و دیگر اضلاع میں بارش سے کئی مقامات پر برقی منقطع ہوگئی اور کئی اضلاع میں گھن گرج اور چمک کے ساتھ بارش کے سبب نشیبی علاقو ںمیں پانی جمع ہونے کی شکایات ہیں۔شہر کے نواحی علاقو ںمیں بھی رات دیر گئے بارش سے درجہ حرارت میں گراوٹ ریکارڈ کی گئی ہے۔ مسلسل بارش کے بعد حکومت کی جانب سے ضلع کلکٹرس کو دھان کے گوداموں کو محفوظ بنانے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں اور کہا گیا کہ کسانوں کی پیداوار کو نقصان سے بچانے اقدامات کئے جائیں۔ جن کسانوں نے گوداموں میں دھان کو محفوظ کیا ہوا ہے وہ اپنی پیداوار کے متعلق متفکر ہیں اور ضلع انتظامیہ اور محکمہ زراعت سے خواہش کی جا رہی ہے کہ وہ ان کی پیداوار کو بچایا جائے ۔ گذشتہ یوم بارش کے سبب یادادری مندر میں پانی داخل ہوگیا ۔محکمہ موسمیات کے مطابق ضلع محبوب نگر میں کافی زیادہ بارش ہوئی۔مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے حدود میں کئی مقامات پر موسلا دھار بارش ہوئی ۔کاکتیہ ‘ ہلز ‘ مادھاپور‘ چندانگر‘ خواجہ گوڑہ ‘ گچی باؤلی و دیگر علاقوں میں 50ملی میٹر سے زیادہ بارش ہوئی جبکہ دیگر نواحی علاقوں میڑچل ‘ ملکا جگری ‘ اے ایس راؤ نگر میں بھی بارش ریکارڈ کی گئی ۔ شہری حدود میں چند علاقو ںمیں ہلکی و تیز بارش ہوئی ۔ ۔آئندہ تین یوم میں ریاست کے علاوہ شہر کے کئی علاقوں میں بجلی کی چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کی پیش قیاسی کی گئی ہے ۔ آئندہ 72گھنٹوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔