ورنگل کا خانگی میڈیکل کالج 150 نشستوں سے محروم ، گذشتہ سال 3.31 لاکھ رینک کو کنوینر نشست ملی تھی
حیدرآباد 24 جولائی : ( سیاست نیوز ) : ریاست میں سرکاری و خانگی میڈیکل کالجس میں ایم بی بی ایس داخلہ کا عمل 16 جولائی سے شروع ہوچکا ہے ۔ جو 25 جولائی کو ختم ہوجائیگا ۔ اس سال NEET کا پرچہ سخت ہونے سے امیدواروں کے مارکس گھٹ گئے ہیں ۔ تلنگانہ سے اس سال 72,094 امیدواروں نے نیٹ یو جی امتحان میں شرکت کرنے درخواستیں داخل کی اور 41,584 امیدوار کوالیفائی ہوئے ۔ گذشتہ سال کے مقابلے اس مرتبہ ریاست سے NEET امتحان تحریر کرنے والوں کی تعداد میں 8 ہزار کی کمی آئی ہے ۔ اس کے باوجود ایک نشست کیلئے 5 امیدوار دعویدار ہیں ۔ کالوجی نارائن راؤ یونیورسٹی اعداد و شمار کے مطابق ریاست میں سرکاری و خانگی دونوں ملا کر جملہ 5500 ایم بی بی ایس کی کنوینر کوٹہ میں نشستیں دستیاب ہیں ۔ گورنمنٹ میڈیکل کالجس میں کنوینر کوٹہ میں نشست ملتی ہے تو 10 ہزار روپئے اور خانگی میڈیکل کالجس میں نشست حاصل ہوتی ہے تو 60 ہزار روپئے سالانہ فیس ادا کرنا ہوگا جس کی وجہ سے ہر کوئی کنوینر کوٹہ میں نشست حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں ۔ کتنا رینک حاصل ہونے پر کنوینر کوٹہ میں نشست حاصل ہوگی اس کے بارے میں طلبہ معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں گذشتہ سال کونسے رینک کو کنوینر کوٹہ میں نشست حاصل ہوئی اس کے بارے میں انٹر نیٹ میں سرچ کررہے ہیں ۔ گورنمنٹ میڈیکل کالجس میں موجود 4090 ایم بی بی ایس نشستوں میں 15 فیصد نشستیں آل انڈیا کوٹہ کے لیے مختص ہیں ۔ ماباقی 3476 نشستوں پر مشتمل خانگی میڈیکل کالجس میں 50 فیصد نشستیں کنوینر کوٹہ کے تحت بھرتی کی جاتی ہیں ۔ اس طرح ریاست کے میڈیکل کالجس کے داخلوں میں 15 فیصد ایس سی طبقات ، 10 فیصد ایس ٹی طبقات اور 29 فیصد نشستیں بی سی طبقات کے لیے مختص ہیں ۔ گذشتہ سال آل انڈیا جنرل زمرے میں 2.12 لاکھ رینک حاصل کرنے والے امیدوار کو کنوینر کوٹہ میں نشست دستیاب ہوئی اس طرح لڑکیوں میں 1.98 لاکھ رینک حاصل کرنے والی طالبہ کو کنوینر کوٹہ میں نشست حاصل ہوئی ۔ بی سی اے میں لڑکیوں کے زمرے میں 3.31 لاکھ رینک کو کنوینر کوٹہ میں نشست دستیاب ہوئی ریاست کے 34 گورنمنٹ میڈیکل کالجس میں 4090 ایم بی بی ایس نشستیں ہیں اس کے علاوہ ایمس بی بی نگر میں ESI 100 صنعت نگر میں 150 نشستیں ہیں ۔ 30 خانگی میڈیکل کالجس میں 4600 نشستیں ہیں ۔ ان میں چند کالجس گذشتہ سال ڈیمڈ یونیورسٹی کا عہدہ حاصل کرچکے ہیں ۔ جس کی وجہ سے ان کالجس میں شامل 300 نشستیں ریاست کے حدود میں شامل نہیں ہوں گے ۔ اس کے علاوہ نیشنل میڈیکل کمیشن نے جاریہ سال ورنگل کے فادر کولمبو میڈیکل کالجس کو داخلوں کی اجازت نہیں ہے جس سے ریاست تلنگانہ 150 ایم بی بی ایس نشستوں سے محروم ہوگیا ہے ۔۔ 2