ریاست میں ایندھن کی کوئی قلت نہیں، عوام صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں

   

پٹرول ، ڈیزل اور گیاس کا بڑی مقدار میں ذخیرہ موجود ، اسٹیفن رویندرا کی وضاحت
حیدرآباد ۔26 ۔ مارچ (سیاست نیوز) ریاست میں ایندھن کی قلت سے متعلق افواہوں کے درمیان محکمہ سیول سپلائیز کے کمشنر اسٹیفن رویندرا نے واضح کیا ہے کہ پٹرول ، ڈیزل اور گیاس کا بڑا ذخیرہ موجود ہے۔ عوام کو پریشان ہونے یا گھبرانے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ حیدرآباد میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے اسٹیفن رویندرا نے بتایا کہ آج جمعرات کو ریاست بھر میں 2123 ٹینکروں کے ذریعہ بڑی مقدار میں پٹرول فراہم کیا گیا ۔ مجموعی طور پر 10799 لیٹر پٹرول سپلائی کیا گیا۔ یومیہ 5883 پٹرول استعمال کیا جاتا ہے لیکن جمعرات کو ایک ہی دن 84 فیصد زیادہ پٹرول سپلائی کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اسی طرح 22127 لیٹر ڈیزل سپلائی کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد میں پٹرول اور ڈیزل کے 596 آؤٹ لیٹس موجود ہیں۔ جہاں پر سیول سپلائیز ، ریوینیو ، پولیس اور لیگل میٹرولوجی کی ٹیمیں مسلسل نگرانی کر رہی ہیں تاکہ کسی بھی قسم کے قلت یا بے ضابطگی نہ ہو۔ اسٹیفن رویندرا نے بتایا کہ چہارشنبہ کے مقابلہ جمعرات کو پٹرول پمپس پر بھیڑ میں کمی آئی ہے۔ جو صورتحال کے معمول پر آنے کا اشارہ ہے۔ ایل پی جی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے اسٹیفن رویندرا نے بتایا کہ ریاست میں گھریلو استعمال کیلئے پکوان گیاس کے 1,28,24,087 کنکشن موجود ہیں اور روزانہ تقریباً 2 لاکھ 20 ہزار گیاس بک ہورہی ہیں۔ چہارشنبہ کے دن 2,19,980 ایل پی جی گیاس سلینڈرس سربراہ کئے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ صارفین کی جانب سے اچانک زیادہ بکنگ کی وجہ سے عارضی دباؤ ضرور پیدا ہوا ہے لیکن سپلائی میں کوئی کمی نہیں ہے۔ کمشنر سیول سپلائیز نے بتایا کہ ریاست میں 1,03,275 پیڈ نیچرل گیاس (PNG) کنکشن ہیں اور روزانہ 2,78,418 کیوبک میٹر گیاس فراہم کی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کی ہدایت کے مطابق PNG اور CNG کے استعمال کو فروغ دینے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں جن میں نئے پلانٹس کو 24 گھنٹوں کے اندر منظوری دینا اور مختلف سبسیڈیز فراہم کرنا شامل ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ افواہوں پر توجہ نہ دیں اور اطمینان رکھیں کیونکہ ریاست میں ایندھن کی فراہمی مکمل طور پر مستحکم ہے۔2