ریاست میں بتکماں تہوار کا رنگا رنگ آغاز

   

حیدرآباد 28 ستمبر ( پی ٹی آئی ) تلنگانہ کے رنگا رنگ تہوار بتکماں کا آج ریاست بھر میں آغاز ہوگیا اور خواتین نے پورے جوش و خروش کے ساتھ ان تقاریب میں حصہ لیا ۔ خواتین نے گیت گاتے ہوئے اور رقص کرتے ہوئے اس تہوار کی افتتاحی تقاریب میں حصہ لیا جو 6 اکٹوبر تک جاری رہے گا ۔ اس موقع پر رنگا رنگ پھولوں کو خوشنما انداز میں سجاکر پیش کیا گیا تھا ۔ بتکماں تہوار کو انسان کے زمین سے رشتہ کو بیان کرتے ہوئے منعقد کیا جاتا ہے ۔ ماہرین کا ماننا ہے کہ بتکماں تہوار میں جو خاص قسم کے پھول استعمال کئے جاتے ہیں ان میں یہ صلاحیت ہوتی ہے کہ ان کو تالابوں اور کنٹوں میں بہادئے جانے کے بعد وہ وہاں کا پانی صاف کردیتے ہیں۔ حکومت تلنگانہ کی جانب سے 23 ستمبر کو بتکماں تہوار کیلئے ساڑیوں کی تقسیم کا کام شروع کیا گیا تھا ۔ امید کی جا رہی ہے کہ ریاست بھر میں ایک کروڑ خواتین کو یہ ساڑیاں بطور تحفہ پیش کی جائیں گی ۔ ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی راما راو نے نلگنڈہ میں ساڑیوں کی تقسیم کا آغاز کیا تھا ۔ انہوں نے کہا تھا کہ بتکماں ساڑیوں کی تقسیم کے ذریعہ بافندوں کی آمدنی کو بڑھانے اور ان کے معیار زندگی کو بہتر بنانے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ سرکاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ریاستی حکومت کی جانب سے جاریہ سال بتکماں تہوار کے موقع پر ساڑیوں کی تقسیم کیلئے 313 کروڑ روپئے خرچ کئے جا رہے ہیں۔