ریاست میں بھوبھارتی قانون کا 2 جون سے نفاذ

   

اراضیات کے دیرینہ حل طلب مسائل کی یکسوئی کی راہ ہموار ہوگی ، سنگاریڈی میں شعور بیداری اجلاس، ریاستی وزراء کا خطاب
سنگا ریڈی 18 مئی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ضلع سنگا ریڈی کے کونڈہ پور منڈل میں بھو بھارتی پائلٹ پراجیکٹ پر محکمہ ریونیو کی جانب سے شعور بیداری جلسہ منعقد ہوا جس میں پونگولیٹی سرینواس ریڈی وزیر مال، دامودھر راج نرسمہا وزیر صحت، سریش شیٹکر ایم پی ظہیرآباد، ڈاکٹر سنجیو ریڈی ایم ایل اے نارائن کھیڑ، نرملا جگاریڈی چیرپرسن ٹی جی آئی آئی سی، اور ایم اے فہیم چیرمین فوڈ کارپوریشن نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔ اس موقع پر وزراء نے کہا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی بھو بھارتی قانون ریاست کے عوام کی سہولت کے لیے بنایا ہے اس قانون کے ذریعہ اراضیات کے دیرینہ حل طلب مسائل کی یکسوئی کی راہ ہموار ہوگی اور سابقہ دھرنی پورٹل کی وجہ سے پیدا بے قاعدگیوں اور پیچیدگیوں کا ازالہ ہوگا ۔ پونگولیٹی سرینواس ریڈی وزیر مال نے کہا کہ آنے والے دنوں میں اس قانون سے رجسٹریشن کے وقت مالک اراضی کی پاس بک میں یا دستاویز میں زمین کے سروے اور اس کے نقشہ کے اندراج کو یقینی بنایا جائگا۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کو دستاویز کی سافٹ کاپی کے ساتھ ساتھ بھوبھارتی ایکٹ کے تحت ہارڈ کاپی بھی فراہم کرکے جمع بندی پروگرام کو سختی سے نافذ کیا جائے گا۔ بھوبھارتی کے لیے چار پائلٹ زونز کا انتخاب کیا گیا ہے۔ منڈلوں میں موصول ہونے والی درخواستوں میں نام کی تبدیلی کے علاوہ باقی تمام مسائل کو 2 جون کو حل کر لیا جائے گا۔ ریاست کے 32 منڈلوں میں بھو بھارتی ایکٹ نافذ کیا ہے اور اس کے نتائج 2 جون کو عوام کو ملیں گے انہوں نے کہا کہ اس قانون کا بنیادی مقصد 15 اگست تک بھو بھارتی ایکٹ کے ذریعے زمین کے تمام مسائل کو حل کرنا ہے انہوں نے کہا کہ حکومت نے آج شام تک بھو بھارتی ایکٹ کے لیے ریاست میں تقریباً 6000 لائسنس یافتہ سرویئرس کے تقرر کا فیصلہ کیا ہے۔ انھوں نے واضح کیا کہ 2 جون تک ریاست بھر میں ٹرینی سرویئرس کا تقرر کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ ہر منڈل یونٹ کو ایک سروئر کو دستیاب کرے۔ انہوں نے کہا کہ غریب ترین غریبوں کے لیے مکانات تعمیر کرنے کے پختہ عزم کے ساتھ ریاست پہلے مرحلے میں ساڑھے چار لاکھ مکانات اندراماں ہاوزنگ اسکیم کے تحت فراہم کر رہی ہے اور اسی کے حصے کے طور پر فی اسمبلی حلقہ میں 3500 مکانات کی منظوری دی گئی ہے۔ عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ ڈبل بیڈ روم والے مکانات کی تعمیر کو اس ماہ کے آخر تک مکمل کریں جو مختلف مراحل میں رکے ہوئے تھے۔ اندرماں گھر مستحق غریبوں کو دیا جائے گا وزیر صحت دامودر راج نرسمہا نے کہا کہ تلنگانہ اراضی جدوجہد کی تاریخ ہے اور ہم کئی سالوں سے یہ جملہ سنتے آرہے ہیں کہ “زمین ہل چلانے والے کی ہے”۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت کسانوں کی حکومت ہے۔ امبیڈکر جینتی کے موقع پر نیا قانون لایا گیا ۔ وزراء سنگاریڈی پہنچنے پر آئی بی گیسٹ ہاوز میں جگا ریڈی ورکنگ پرسیڈنٹ نے کانگریس کیڈر کے ہمراہ ان کا زبردست استقبال کیا۔ کلکٹر وی کرانتی اور ایس پی پریتوش پنکج نے بھی وزراء کو گلدستہ پیش کرتے ہوے خیر مقدم کیا۔