ریاست میں بھی تعلیمی اصلاحات کی منصوبہ بندی

   

حیدرآباد ۔ مرکزی حکومت کی جانب سے نئی تعلیمی پالیسی کے اعلان کے بعد ریاستی حکومت سے اسکولی تعلیم کے معیارات کی جانچ اور سند کی فراہمی کیلئے علحدہ ادارہ کے قیام کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے اور اس کے ذریعہ ریاست میں بستہ کے بغیر تعلیم کے رجحان کو فروغ دینے اقدامات کئے جائیں گے۔ریاستی سطح پر اسکول کے معیار کی جانچ اور انہیں اکریڈیشن کی فراہمی کے سلسلہ میں اتھاریٹی کے قیام کے ذریعہ حکومت کی جانب سے نئی تعلیمی پالیسی کے فروغ اور طلبہ میں تعلیم سے دلچسپی پیدا کرنے کے امور کا جائزہ لیا جانے لگا ہے۔بتایاجاتا ہے کہ مرکز کی نئی تعلیمی پالیسی کے ساتھ ہی ریاستی سطح کی تعلیم کے امور کا جائزہ لینے اقدامات کا آغاز کیا جاچکا ہے ۔ جس طرح اعلی تعلیمی اداروں کو اکریڈیشن فراہم کیا جاتا تھا اب اسکولوں کو بھی اکریڈیشن کی اجرائی عمل میں لائی جائیگی۔ مرکز کی تعلیمی اصلاحات کے ساتھ ریاستی حکومت نے اصلاحات کی منصوبہ بندی شروع کردی ۔ ریاستی سطح پر اسکولوں کے معیار کا جائزہ لینے اس اتھاریٹی کی نگرانی مرکزی ٹیم کریگی تاکہ تعلیمی اصلاحات کو مؤثر انداز میں عملی جامہ پہنایا جاسکے اور تعلیم کو بوجھ تصور کرنے اور طلبہ کودشواریوں سے نجات دلوائی جاسکے۔نئی اتھاریٹی سے اسکولوں کے معیار کی جانچ اور اکریڈیشن کی اجرائی کے ساتھ طلبہ کو بغیر بستہ کے اسکول اور کتب کے بوجھ سے آزاد کرنے کے رجحان کو فروغ دینے پالیسی تیار کی جائیگی تاکہ بھاری بستوں اور روایتی تعلیم کا سلسلہ ترک کیا جاسکے۔