ریاست میں بیروزگاری میں کوئی کمی نہیں : بنڈی سنجے کا دعوی

   

حیدرآباد۔20ستمبر(سیاست نیوز) ریاستی حکومت جی ڈی پی میں بہتری کا دعویٰ کر رہی ہے جبکہ ریاست میں بے روزگاری میں کوئی کمی نہیں ہوئی ہے ۔ ریاستی صدر بی جے پی بنڈی سنجے نے چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ حکومت کی جانب سے گمراہ کن اعداد و شمار جاری کئے جا رہے ہیں اور عوام کو الجھن میں مبتلاء کیا جارہا ہے۔ انہوں نے اپنی پد یاترا کے دوران میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ حکومت عوام کو جواب دے کہ راتوں رات کس طرح ریاست کی دولت میں اضافہ ہورہا ہے اور جب دولت میں اضافہ ہو رہا ہے تو اس کے ثمرات عوام تک کیوں نہیں پہنچ رہے ہیں! انہوں نے بتایا کہ نرمل میں امیت شاہ کے جلسہ ان کی آمد اور روانگی کے سلسلہ میں چیف منسٹر شخصی طور پر تفصیلات حاصل کر رہے تھے ۔ بی جے پی نے الزام عائد کیا کہ حکومت نے خزانہ خالی کردیا لیکن جی ڈی پی کے گمراہ کن اعداد و شمار عوام میںلائے جا رہے ہیں۔ بنڈی سنجے نے کہا کہ ریاست میں جاری خاندانی حکمرانی میں جلد ایک اور اضافہ ہونے والا ہے۔