ریاست میں بیلٹ شاپس کو فوری بند کرنے چیف منسٹر کا حکم

   

ریاست کی آمدنی میں کمی کے باوجود نوجوانوں کو نشہ سے بچانا ضروری
حیدرآباد۔12۔ڈسمبر(سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے ریاست میں موجود بیلٹ شاپس کو فوری بند کرنے احکامات جاری کرکے محکمہ آبکاری کے عہدیداروں کو تاکید کی کہ وہ رپورٹ تیار کرکے حکومت کو پیش کریں ۔چیف منسٹر کی جانب سے فوری بیلٹ شاپس کے خلاف کاروائی کے احکام کے بعد محکمہ آبکاری کے عہدیداروں نے شراب کی دکانات کو بند کروانے تیاری شروع کردی ہے ۔بتایا جاتا ہے کہ تلنگانہ کے بیشتر مواضعات میں 10 تا 12ناجائز شراب کی دوکانات ہیں جہاں شراب فروخت کی جا رہی ہے۔ ریونت ریڈی نے حکام سے کہا کہ ریاست میں نوجوانوں کو نشہ کا عادی ہونے سے بچانے لازمی ہے کہ تمام بیلٹ شاپس کو فوری بند کرنے اقدامات کئے جائیں۔انہوں نے کہا کہ نوجوان شراب کی بہ آسانی اور غیر قانونی دستیابی کے نتیجہ میں نشہ کے عادی ہونے لگے ہیں ۔ عہدیداروں نے چیف منسٹر کو شراب سے ریاست کو آمدنی کے متعلق بتایا کہ سالانہ شراب کی فروخت سے 36 ہزار کروڑ کی آمدنی ہورہی ہے اور اگر حکومت سے بیلٹ شاپس کو برخواست کیا جاتا ہے تو شراب کی فروخت میں گراوٹ سے ریاست کی آمدنی میں 16 ہزار کروڑ کی کمی ہونے کا خدشہ ہے ۔عہدیداروں کے استدلال پر چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کہا کہ نوجوانوں کو نشہ سے محفوظ رکھنے اور ان کی زندگیوں کو منشیات سے پاک بنانے ضروری ہے کہ غیر مجاز بیلٹ شاپس کو فوری برخواست کرنے اقدامات کئے جائیں خواہ اس سے حکومت کو نقصانات کا سامنا کیوں نہ کرنا پڑے۔ ریونت ریڈی کی ہدایا ت کے بعد محکمہ آبکاری کے حکام نے زمینی حقائق پر رپورٹ کی تیاری شروع کردی ہے اور کہا جارہا ہے کہ جلد ہی حکومت کو رپورٹ پیش کرکے بیلٹ شاپس کی تعداد اور ان کو بند کرنے کا منصوبہ پیش کیا جائے گا۔