ریاست میں تعلیمی انقلاب لانے کی کوشش

   

بالا نگر میں ینگ انڈیا رہائشی اسکول کا سنگ بنیاد، ریاستی وزیر وینکٹ ریڈی کا خطاب
جڑچرلہ۔/12 اکٹوبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) حلقہ اسمبلی جڑچرلہ کے منڈل بالا نگر میں واقع موضع پدایا پلی کے پاس تلنگانہ حکومت کی جانب سے نئی تعلیمی اسکیم کے تحت ’’ ینگ انڈیا انٹیگریٹیڈ ریسیڈنشیل اسکولس‘‘ کا سنگ بنیاد ریاستی وزیر عمارات و شوارع و محکمہ آر اینڈ بی کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی کے ہاتھوں عمل میں آیا۔ اس موقع پر کومٹ ریڈی نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس حکومت عوام کی فلاح و بہبود کیلئے ہمیشہ سرگرم رہتی ہے۔ ریاست تلنگانہ میں تعلیمی انقلاب لانے کے مقصد کے تحت ایک نئی تعلیمی پالیسی لائی جارہی ہے۔ اس مقصد کے تحت ’ ینگ انڈیا انٹیگریٹیڈ ریسیڈنشیل اسکولس‘ کو متعارف کرایا جارہا ہے۔ اس اسکول کی تعمیر کیلئے25 ایکڑ اراضی فراہم کی گئی ہے۔ اس وسیع اراضی پر ایس سی، ایس ٹی، بی سی ، میناریٹی طلباء کیلئے اسکولس بناتے ہوئے ان اسکولوں میں بہترین تعلیم کے ساتھ ساتھ طلباء کی رہائش اور طعام کا انتظام بھی یہیں پر ہوگا جو کہ کارپوریٹ طرز پر اس کا نظم رہے گا۔ ان اسکولس میں چوتھی جماعت سے انٹر میڈیٹ تک کا تعلیم کا نظم رہے گا۔ پرائیویٹ اسکولس کی طرز پر مہمان بچوں کو تعلیم فراہم کی جائے گی۔ ان اسکولوں میں طلباء تعلیم حاصل کرتے ہوئے اعلیٰ تعلیم کیلئے دیگر بڑے اداروں میں داخل ہوکر ریاست اور ملک کا نام روشن کرسکتے ہیں۔ اس اسکول کی تعمیری لاگت 150 کروڑ روپئے ہے۔ اس پروگرام میں جڑچرلہ کے رکن اسمبلی انیرودھ ریڈی، محبوب نگر کے رکن اسمبلی ینم سرینواس ریڈی، ریاستی میناریٹی فینانس کارپوریشن چیرمین عبید اللہ کوتوال ، ضلع کلکٹر وجیندرا بوئی، ضلع ایس پی ڈی جانکی ، جڑچرلہ زرعی مارکٹ چیرمین لکشمی الوال ریڈی کے علاوہ دیگر سیاسی قائدین، مواضعات کے عوام ، کانگریس کارکنوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔