صدر نشین تلنگانہ اسٹیٹ کونسل فار ہائر ایجوکیشن پاپی ریڈی کا اعلان
حیدرآباد۔ حکومت کی جانب سے تعلیمی ادارو ںکو بند کئے جانے کے فیصلہ کا کوئی اثر ریاست تلنگانہ میں منعقد ہونے والے کسی بھی اہلیتی امتحانات پر نہیں ہوگا اور تلنگانہ اسٹیٹ کونسل برائے اعلیٰ تعلیم کی جانب سے منعقد کئے جانے والے تمام اہلیتی امتحانات وقت مقررہ پر منعقد کئے جائیں گے۔ تلنگانہ اسٹیٹ کونسل فار ہائیر ایجوکیشن کے عہدیداروں نے بتایا کہ ریاستی حکومت کے محکمہ تعلیم کی جانب سے تعلیمی اداروںکو بند کئے جانے کے فیصلہ کے ساتھ ہی ریاست میں ہونے والے اہلیتی امتحانات میں شرکت کے خواہشمندوں میں بے چینی پائی جانے لگی تھی۔ بتایاجاتا ہے کہ تلنگانہ اسٹیٹ کونسل فار ہائیر ایجوکیشن کی جانب سے کئے گئے فیصلہ کے مطابق ایمسیٹ ‘ ای سیٹ ‘ پی جی ای سیٹ‘ آئی سیٹ‘ پی ای سیٹ‘لاء سیٹ‘ پی جی ایل سیٹ ‘ ایڈ سیٹ کے امتحانات کے سلسلہ میں جو شیڈول جاری کیا گیا ہے اس شیڈول کے مطابق ہی امتحانات منعقد کئے جائیں گے۔ صدر نشین کونسل پروفیسرٹی پاپی ریڈی نے بتایا کہ تلنگانہ اسٹیٹ کونسل برائے اعلیٰ تعلیمات کو سال گذشتہ سخت ترین حالات کے دوران تمام اہلیتی امتحانات کے انعقاد کا تجربہ حاصل ہے اور اب جو صورتحال ہے وہ اتنی سنگین صورتحال نہیں ہے جو سال گذشتہ رہی تھی لیکن اس کے باوجود بھی کونسل کی جانب سے امتحانات منعقد کئے گئے ہیں اور آن لائن بھی امتحانات کے انعقاد کا تجربہ ہونے کے سبب کوئی مشکلات پیش آنے کا خدشہ نہیں ہے اسی لئے کونسل نے اس بات کا فیصلہ کیا ہے کہ ریاست میں کوئی بھی اہلیتی امتحان کو ملتوی نہیں کیا جائے گا اور تمام اہلیتی امتحانات کے انعقاد کے سلسلہ میں شیڈول جاری کیا جاچکا ہے اور تمام امتحانات شیڈول کے مطابق ہی منعقد کئے جائیں گے۔پروفیسر ٹی پاپی ریڈی نے بتایا کہ سال 2020کے دوران ریاست تلنگانہ میں منعقد ہونے والے اہلیتی امتحانات کے دوران کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا تھا اور نہ ہی کوئی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا ۔ انہوں نے بتایا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے کئے گئے فیصلہ کے باوجود اعلی ٰ تعلیمات کے سلسلہ میں کونسل کی جانب سے داخلوں کے لئے ہونے والے اہلیتی امتحانات کے خصوصی انتظامات کے ساتھ عمل کو جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے ۔انہوں نے اہلیتی امتحانات میں شرکت کے خواہشمندوں سے اپیل کی کہ وہ کسی بھی طرح کی کشمکش کا شکار نہ ہوں بلکہ وہ اپنے امتحانات کی تیاری کا سلسلہ جاری رکھیں کیونکہ تلنگانہ اسٹیٹ کونسل برائے اعلیٰ تعلیمات کی جانب سے امتحان منعقد کئے جائیں گے۔