ریاست میں تین جوٹ ملز کے قیام کے لیے معاہدے

   

ہزارہا افراد کو روزگار کے مواقع : کے ٹی آر کا دعویٰ
حیدرآباد ۔ 17 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر نے کہا کہ تلنگانہ تیزی سے تمام شعبوں میں ترقی کرنے والی ریاست ہے ۔ زرعی شعبہ میں تلنگانہ ملک کے لیے رول ماڈل ہے ۔ ریاست کے زرعی پیداوار میں زبردست اضافہ ہوا ہے ۔ چیف منسٹر کے سی آر کے خصوصی ویژن کے باعث زرعی پیداوار میں پانچ گنا اضافہ ہوا ہے ۔ ریاست میں تین جدید جوٹ ملز کے قیام کے لیے محکمہ صنعت کے سکریٹری جیش رنجن نے تینوں وزراء کے ٹی آر ، نرنجن ریڈی اور جی کملاکر کی موجودگی میں معاہدے پر دستخط کئے ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کے ٹی آر نے کہا کہ جوٹ ملز کے قیام سے 10 ہزار 400 افراد کو روزگار فراہم ہوگا ۔ ریاستی حکومت ایک کروڑ ٹن غذائی اجناس خرید رہی ہے اور زرعی شعبہ کو مسائل سے پاک بنانے کے لیے کسانوں کو متبادل فصلوں پر توجہ دینے کا مشورہ دیا ۔ انہوں نے کہا کہ پلاسٹک کے متبادل کے طور پر ماحول کو بہتر بنانے کے لیے جوٹ پیداوار معاون ثابت ہوگا ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ ریاست میں ابھی تک جوٹ کے ملز نہیں تھے ۔ جوٹ ملز کی تلنگانہ حکومت مکمل حوصلہ افزائی کرے گی ۔ وزیر بلدی نظم و نسق نے کہا کہ تلنگانہ سارے ملک کے لیے تخم ریزی کے مرکز میں تبدیل ہوگیا ہے۔ ریاست میں 10 ہزار ایکڑ اراضی پر اسپیشل فوڈ پراسنسنگ زونس کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے ۔ مستقبل میں جوٹ صنعت کی ریاست میں بہت زیادہ مانگ رہنے کا دعویٰ کیا ۔۔ N