ریاست میں تین مراحل میں گرام پنچایت انتخابات ‘ اعلامیہ جاری

   

21 جنوری ‘ 25 جنوری اور 30 جنوری کو رائے دہی ‘بیالٹ پیپر کا استعمال ‘ الیکشن کمشنر ناگی ریڈی
حیدرآباد ۔ یکم جنوری (سیاست نیوز) تلنگانہ میں گرام پنچایت انتخابات کا انعقاد عمل میں لانے آج اعلامیہ جاری کردیا گیا۔ اعلامیہ کی روشنی میں گرام پنچایت انتخابات کا تین مرحلوں میں انعقاد عمل میں لایا جائیگا۔ ریاستی الیکشن کمشنر مسٹر ناگی ریڈی نے اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ریاست میں 21 جنوری کو پہلے مرحلہ کے تحت گرام پنچایت انتخابات منعقد کئے جائیں گے ۔ دوسرا مرحلہ 25 جنوری کو اور تیسرا مرحلہ 30 جنوری کو منعقد ہوگا ۔ انھوں نے بتایا کہ پہلے مرحلہ کے تحت 4480 گرام پنچایتوں اور 3983 وارڈس، دوسرے مرحلہ کے تحت 4137 گرام پنچایتوں اور 36620 وارڈس کے علاوہ تیسرے مرحلہ کے تحت 4115 گرام پنچایتوں اور 36718 وارڈس کے لئے انتخابات منعقد ہونگے۔ انتخابات میں رائے دہی کو پرامن اور شفاف بنانے وسیع انتظامات کئے جارہے ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ پہلے مرحلہ کے تحت انتخابات کا عمل 6 تا 21 جنوری، دوسرے مرحلہ کے تحت 11 تا 25 جنوری اور تیسرے مرحلہ کے تحت 16 تا 30 جنوری جاری رہے گا۔ مسٹر ناگی ریڈی نے بتایا کہ تمام گرام پنچایتوں اور وارڈس کیلئے انتخابات ’بیالٹ پیپر‘ طریقہ کار کے ذریعہ انجام دیئے جائیں گے اور ان بیالٹ پیپرس میں ’نوٹا‘ کا نشان بھی شامل کیا جائے گا۔ رائے دہی کے اختتام کے ساتھ ہی ووٹوں کی گنتی شروع کی جائیگی۔ اُنھوں نے بتایا کہ آج سے ہی ریاست تلنگانہ میں انتخابی ضابطہ اخلاق کا نفاذ شروع ہونے کے پیش نظر چیف منسٹر کے سرکاری دورہ پروگراموں اور محکمہ جاتی کارکردگی کے جائزہ اجلاسوں کو بھی منسوخ کردیا گیا ہے۔ انھوں نے گرام پنچایت انتخابات کے لئے بڑے پیمانے پر انتظامات شروع کردیئے گئے ہیں اور تمام ضلع کلکٹروں اور اضلاع میں متعلقہ عہدیداروں کو بھی گرام پنچایت انتخابات کے سلسلہ میں اقدامات کرنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔