ریاست میں جملہ 31717389 ووٹرس ۔17 لاکھ رائے دہندوں کا اضافہ

   

( تلنگانہ کی قطعی فہرست رائے دہندگان جاری )
6 لاکھ 10 ہزار نام خارج، مرد رائے دہندوں کی تعداد خواتین سے زیادہ،18 سے 19 سال کے 8 لاکھ 11 ہزار رائے دہندے

ناموں کی شمولیت اور تصحیح کیلئے درخواستوں کے ادخال کی سہولت برقرار

حیدرآباد۔/4 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) الیکشن کمیشن نے تلنگانہ میں فہرست رائے دہندگان پر نظر ثانی سے متعلق دوسری خصوصی مہم کے بعد 119 اسمبلی حلقہ جات کیلئے قطعی فہرست رائے دہندگان جاری کردیا ہے۔ چیف الیکٹورل آفیسر وکاس راج نے آج قطعی فہرست جاری کی جس کے مطابق تلنگانہ میں جملہ رائے دہندے31717389 ہیں جن میں 15871493 مرد، 15843339 خواتین اور 2557 تھرڈ جینڈر ووٹرس شامل ہیں۔ سرویس ووٹرس کی تعداد 15338 ہے جبکہ اوورسیز رائے دہندے 2780 ہیں۔ جنوری 2023 سے فہرست رائے دہندگان میں 5.8 فیصد رائے دہندوں کا اضافہ ہوا ہے۔ وکاس راج کے مطابق فہرست رائے دہندگان میں ناموں کی شمولیت اور دیگر خدمات کے بارے میں19 ستمبر سے قبل موصولہ تمام درخواستوں کی یکسوئی کردی گئی ہے۔28 ستمبر کو فہرست رائے دہندگان کے مسودہ کی اجرائی کے بعد سے 1701087 ناموں کا اضافہ ہوا جبکہ 610694 ناموں کو خارج کیا گیا جبکہ 580208 انٹریز میں تصحیح کی گئی۔ 28 ستمبر کو فہرست رائے دہندگان کو منجمد کرتے ہوئے قطعی فہرست کی تیاری کا کام شروع کردیا گیا۔ 19 ستمبر سے قبل موصول ہونے والی 57617 درخواستوں کی یکسوئی نہیں کی جاسکی تاہم تازہ ترین صورتحال میں ان درخواستوں کی یکسوئی کردی گئی ہے اور تمام اہل ووٹرس آئندہ اسمبلی انتخابات میں حق رائے دہی سے استفادہ کرپائیں گے۔ وکاس راج نے بتایا کہ 80 سال سے زائد عمر کے رائے دہندوں کی تعداد 443943 ہے جبکہ معذور رائے دہندوں کی تعداد 506493 درج کی گئی۔ تھرڈ جینڈر افراد کی تعداد 2557 تک پہنچ چکی ہے۔ فہرست رائے دہندگان میں صنفی تناسب میں 992 سے 998 تک اضافہ ہوا ہے جبکہ 18 سے 19 سال عمر کے گروپ میں صنفی تناسب 707 سے بڑھ کر 743 ہوگیا۔ وکاس راج نے بتایا کہ اگرچہ قطعی فہرست رائے دہندگان شائع کردی گئی ہے تاہم ناموں کی شمولیت کا کام جاری رہے گا۔ ایسے تمام اہل افراد جن کی عمر یکم اکٹوبر 2023 ء تک 18 سال ہوچکی ہے اور ایسے افراد جنہوں نے ابھی تک اپنا نام شامل نہیں کرایا وہ درخواست دے سکتے ہیں۔ تمام شہریوں سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ فہرست رائے دہندگان میں اپنی تفصیلات جیسے پولنگ اسٹیشن اور دیگر کا جائزہ لیں اس کے لئے الیکشن کمیشن کی ویب سائیٹ voters.eci.gov.in یا ووٹر ہیلپ لائن ایپ (VHA) سے استفادہ کرسکتے ہیں۔ فہرست میں کسی غلطی کی صورت میں رائے دہندے فارم 8 کے ذریعہ آن لائن درخواستیں داخل کرسکتے ہیں۔ بوتھ سطح کے عہدیدار کے ذریعہ درخواستیں داخل کی جاسکتی ہیں۔ وکاس راج نے کہا کہ فہرست رائے دہندگان کو نقائص سے پاک بنانے کیلئے گذشتہ دو برسوں میں انتھک مساعی کی گئی جس کے نتیجہ میں فہرست رائے دہندگان سے 2202168 نام خارج کئے گئے جو متوفی ، ڈوپلیکیٹ اور دیگر مقامات کو منتقل ہونے والے افراد کے تھے۔ جن ناموں کو خارج کیا گیا ان میں 489574 کا تعلق گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن اور اطراف کے علاقوں سے ہے۔ جاریہ سال فوت ہونے والے247756 ناموں کو حذف کیا گیا۔ گھر گھر پہنچ کر سروے اور ویریفکیشن کے ذریعہ جاریہ سال 1424694 انٹریز میں تصحیح کی گئی۔ سابق میں ہر سال دو تا تین لاکھ انٹریز میں تصحیح کی جاتی رہی۔ وکاس راج نے کہا کہ 6 رائے دہندوں سے زیادہ تعداد والے مکانات کا سروے کیا گیا۔415824 رائے دہندوں کے ایڈریس میں تصحیح کی گئی۔394968 رائے دہندے ایک اسمبلی حلقہ میں دوسرے پولنگ اسٹیشن منتقل ہوگئے جبکہ 64661 رائے دہندے ایک اسمبلی حلقہ سے دوسرے اسمبلی حلقہ منتقل ہوئے ہیں73364 رائے دہندوں کے مکان نمبرات میں تصحیح کی گئی۔ شہری علاقوں میں رائے دہندوں کی منتقلی زیادہ پائی گئی۔ رہائشی ویلفیر اسوسی ایشنوں کے تحت 4605 علاقوں کا 757 ٹیموں کے ذریعہ احاطہ کیا گیا اور 4605 ہمہ منزلہ عمارتوں اور گیٹیڈ کمیونٹیز کا احاطہ کیا گیا جس کے نتیجہ میں فارم 6 اور فارم 8 کے تحت جملہ 50907 درخواستیں وصول کی گئیں اور ان کی یکسوئی کی گئی۔ 6 جنوری سے 28 ستمبر تک 18 سے 19 سال کے 532990 رائے دہندوں کے نام شامل کئے گئے اور فہرست رائے دہندگان میں 18 سے 19 سال عمر کے رائے دہندوں کی تعداد 811640 ہوچکی ہے جو مجموعی طور پر 2.56 فیصد ہیں۔ سابق میں نئے ووٹرس کی تعداد میں اس قدر اضافہ نہیں دیکھا گیا۔ کالجس میں خصوصی مہم کے ذریعہ 18 سال سے زائد عمر کے رائے دہندوں کی نشاندہی کی گئی۔ اس کے علاوہ 2019 سے 2022 تک ایس ایس سی امتحان میں حصہ لینے والے طلبہ کی فہرست حاصل کی گئی۔ وکاس راج کے مطابق شعور بیداری مہم کے نتیجہ میں فہرست رائے دہندگان میں ناموں کا اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام زیر التواء دعوے اور اعتراضات کی یکسوئی کی جائے گی۔ ناموں کی شمولیت کیلئے فارم 6 اور ناموں کی منتقلی کیلئے فارم 8 کے ذریعہ درخواستیں داخل کی جاسکتی ہیں۔ پرچہ نامزدگی کے ادخال کی آخری تاریخ سے دس دن قبل تک درخواستیں داخل کی جاسکتی ہیں۔