ریاست میں جونئیر ڈاکٹرس کی 18 جون سے مکمل ہڑتال

   

حیدرآباد۔تلنگانہ میں جونئیر ڈاکٹرس نے 18 جون سے ہڑتال کا اعلان کردیا ہے ۔ ڈاکٹرس کی جانب سے تنخواہوں میں اضافہ و دیگر مطالبات پر حکومت کو مسلسل انتباہ دیا جارہا تھا لیکن کوئی مؤثر فیصلہ نہ کئے جانے سے ڈاکٹرس میں برہمی ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ محکمہ صحت کو جونئیر ڈاکٹرس کی تنظیموں نے واقف کروایا ہے کہ وہ 18 جون تاریخ سے مکمل ہڑتال پر جائیں گے ۔ ہڑتال سے قبل جونئیر ڈاکٹرس گاندھی ہاسپٹل و ریاست کے دیگر سرکاری دواخانوں میں مظاہرے کرکے شدت پیدا کریں گے۔ ذرائع کے مطابق چیف منسٹر کے دفتر سے ڈاکٹرس کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ ہڑتال سے دستبرداری اختیار کریں اور چیف منسٹر سے ملاقات کے ذریعہ اپنے مسائل کے حل کیلئے راست تبادلہ خیال کریں۔ جونئیر ڈاکٹرس نے بتایا کہ اب جبکہ محکمہ صحت کا قلمدان چیف منسٹر کے پاس ہے تو چیف منسٹر کو فیصلہ کرنا ہے ۔ ڈاکٹرس مسلسل ایک سال سے مطالبات پیش کر رہے ہیں اور گذشتہ ہفتہ حکومت سے ڈاکٹرس کے ایک مطالبہ کی کچھ حد تک یکسوئی بھی کی گئی لیکن یہ اقدامات ناکافی ہیں کیونکہ ڈاکٹرس اور طبی عملہ اپنی جان پر کھیل کر کورونا وباء میں خدمات انجام دے رہے ہیںاس بات کو سمجھنے کی ضرورت ہے۔