ریاست میں درجہ حرارت معمول کے مطابق

   

شہر میں گرمی کی زیادہ شدت نہیں ۔ عوام کیلئے قدرے راحت
حیدرآباد۔16اپریل(سیاست نیوز) ریاست میں درجہ حرارت معمول کے مطابق ہونے کے باوجود شہر میں گرمی کی شدت ریکارڈ نہیں کی جا رہی ہے جو شہر کیلئے کسی نعمت سے کم نہیں کیونکہ شہر میں سال گذشتہ ان ایام میں گرمی کی شدت شہریوں کو پسینہ میں شرابور کر رہی تھی ۔ جاریہ سال لاک ڈاؤن کے سبب اوزون کی تہہ میں استحکام ریکارڈ کیاجا رہاہے جس سے گرمی کی شدت میں کمی ریکارڈ کی جا رہی ہے اس کے علاوہ شہر ی علاقوں میں گاڑیوں کی چہل پہل اور گاڑیوں کے دھوئیں سے پیدا ہونے والی گرمی اور گاڑیوں کے ائیر کنڈیشن سے پیدا ہونے والی گرمی نہ ہونے کے سبب معمول کے مطابق درجہ حرارت کے باوجود گرمی کی شدت نہیں ہے۔ شہر کے علاوہ نواحی علاقوں میں دفاتر کے بند ہونے کے سبب بھی ائیر کنڈیشن کا استعمال نہ ہونے سے ان سے خارج ہونے والی گرمی کا اضافہ ریکارڈ نہیں کیا جا رہاہے جو شہریوں کیلئے کچھ حد تک راحت بنا ہوا ہے۔ حیدرآباد و سکندرآباد میں درجہ حرارت میں گراوٹ کے امکانات کو خارج کرتے ہوئے محکمہ موسمیات نے بتایا کہ شہر میں سال گذشتہ کے مطابق درجہ حرارت ہے ۔ اس کے باوجود گرمی نہ ہونے کا بنیادی سبب ٹریفک میں کمی اور دفاتر کا بند ہونا ہے۔ گرمی و دھوپ کی شدت کے دوران سورج کی کرنوں سے خارج ہونے والی الٹرا وائیلیٹ شعائیں اوزون کی تہہ میں بہتری کے سبب زمین تک نہیں پہنچ رہی ہیں اور یہ بھی اہم وجہ ہے جس کی وجہ سے گرمی کی شدت میں اضافہ ریکارڈ نہیں کیا جا رہاہے اور لو لگنے کے واقعات بھی بہت کم ہیں۔