ریاست میں درجہ حرارت 43 ڈگری تک پہنچ گیا آئندہ 5 دنوں میں شدید گرمی کی لہر کا امکان

   

حیدرآباد۔29 مارچ(سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں آئندہ 5یوم کے دوران گرمی کی شدید لہر ریکارڈ کی جائے گی اور ریاست کے دیہی علاقو ںمیں درجہ حرارت 43ڈگری سیلسیس تک پہنچ گیا اوراس میں 45ڈگری تک اضافہ ریکارڈ کئے جانے کا امکان ہے۔ شہر حیدرآباد میں آئندہ 5یوم کے دوران درجہ حرارت 41تا42 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا جائے گا لیکن اس کے باوجود شہر میں گرمی کی لہر دیکھی جاسکتی ہے۔ موسم گرما کے دوران ریاست میں گرمی کی لہر میں اضافہ کے سلسلہ میں محکمہ موسمیات کے ماہرین کا کہناہے کہ موسمی تبدیلی کے منفی اثرات کے سبب یہ صورتحال رونما ہوئی ہے اور آئندہ ماہ کے دوران بھی گرمی کی لہر جاری رہنے کا خدشہ ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ماہ مارچ کے آخری ہفتہ یعنی جاریہ ایام کے دوران شہر حیدرآبا دمیں گرم ہواؤں کا سلسلہ جاری رہے گا اور ریاست کے دیہی علاقو ںمیں بھی گرم ہوائیں جاری رہیں گی۔ گرمی کی شدت سے ہونے والے منفی اثرات سے محفوظ رہنے کے لئے شہریان حیدرآباد کو شدید دھوپ کے اوقات میں گھروں سے نکلنے سے اجتناب کرنے کے علاوہ گرمی کے دوران ٹھنڈے مشروبات کے استعمال کے ساتھ ساتھ زیادہ سے زیادہ پانی کا استعمال کرنا چاہئے ۔ گرم ہواؤں کے سبب لو لگنے کے واقعات میں اضافہ کے خدشات کے متعلق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ گرم ہواؤں کے دوران لو لگنے کے واقعات میں اضافہ ہونا کوئی نئی بات نہیں ہے اسی لئے شدید دھوپ کے اوقات میں گھروں سے نکلنے سے اجتناب کیا جانا چاہئے ۔محکمہ موسمیات نے شمالی اور جنوبی اضلاع کے لئے الرٹ جاری کیا ہے ۔م