ریاست میں دسہرہ تعطیلات کا اعلان

   

اسکولس 2 تا 14 اکٹوبر اور جونئیر کالجس 6 تا 13 اکٹوبر بند رہیں گے
حیدرآباد 19 ستمبر(سیاست نیوز) حکومت نے ریاست میں تمام اسکولوں اور تعلیمی ادارہ جات کیلئے دسہرہ تعطیلات کا اعلان کردیا ہے احکام کے مطابق تلنگانہ میں اسکولو ں کو 2اکٹوبر تا 14 اکٹوبر تعطیلات کے علاوہ جونیئر کالجس کو 6 اکٹوبر تا 13اکٹوبر تعطیلات کا اعلان کیاگیا ہے۔ احکامات کے مطابق 13یوم کی دسہرہ تعطیلات کے دوران کسی بھی تعلیمی ادارہ کو کھلا رکھنے کی اجازت نہیں ہوگی اور مختصر مدتی تعطیلات کے دوران اسکول و کالج انتظامیہ اور تعلیمی ادارہ جات کے ذمہ داروں کی جانب سے تعطیلات کو کم کرنے یا تعطیلات کے دوران اساتذہ و غیر تدریسی عملہ کو طلب کئے جانے کی شکایات عام ہوتی ہیں۔ حکومت نے اس کا سختی سے نوٹ لے کر دسہرہ تعطیلات میں تعلیمی ادارہ چلانے یا عملہ کو طلب کرنے والے انتظامیہ کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔ حکومت نے معلنہ تعطیلات پر سختی سے عمل آوری کا پابند بنانے محکمہ تعلیم کے عہدیداروں کو ہدایات جاری کی ہیں اور تمام ضلع انتظامیہ کے ذمہ داروں کے علاوہ ڈسٹرکٹ ایجوکیشنل آفیسرس کو تاکید کی گئی کہ وہ اپنے ضلع میں اسکولوں اور جونئیر کالجس کو تعطیلات پر عمل کا جائزہ لیں۔ ذرائع کے مطابق خانگی اسکولوں میں برسر خدمت عملہ مسلسل شکایت کرتا ہے کہ اسکول و کالجس انتظامیہ کی جانب سے دسہرہ کی تعطیلات میںاپنے طور پر مختصر کرنے اور عملہ کو تعطیلات میںخدمات کیلئے مجبور کیا جاتا ہے ۔ جاریہ تعلیمی سال سرکاری احکامات میں صراحت کی گئی کہ جن تعطیلات کا اعلان کیا گیا اس میں کسی تخفیف یا عملہ کو تعطیلات میں خدمات کی انجام دہی کیلئے طلب کئے جانے پر مکمل پابندی رہے گی ۔ محکمہ تعلیم کے عہدیداروں کے مطابق حکومت نے 2اکٹوبر تا14 اکٹوبر اسکولوں کیلئے اور 6 تا 13 اکٹوبر جونیئر کالجس کیلئے تعطیلات کا اعلان کیا اور تعلیمی سال کے آغاز میں جاری تعلیمی کیلنڈر میں بھی ان ایام کے دوران تعطیلات دی گئی ہیں۔3