ریاست میں دھواں دھار بارش کے نتیجہ میں تمام پراجکٹس کے گیٹس کھول دئیے گئے

   

l 4 سال بعد سنگور اور نظام ساگر پراجکٹس کے دروازے کھلے ، 152 تالابوں میں شگاف
l ریاست کے 43 ہزار تالابوں میں 36 ہزار تالاب لبریز ، موسم برسات میں 661 تالابوں کو نقصان
حیدرآباد :۔ ریاست میں دھواں دھار بارش کی وجہ سے تمام پراجکٹس کے دروازے کھولتے ہوئے پانی کی اخراج عمل میں لایا جارہا ہے ۔ چار سال بعد سنگور و نظام ساگر پراجکٹس کے دروازے کھولتے ہوئے پانی جاری کیا جارہا ہے ۔ سری سیلم ، ناگر جنا ساگر ، ایس آر ایس پی کے بشمول تمام اہم پراجکٹس میں تیزی سے پانی کا انفلو جاری ہے ۔ آج نظام ساگر پراجکٹ کے 7 دروازے کھول دئیے گئے ۔ کل ہی سنگور کے چار گیٹس کھول دئیے گئے تھے ۔ ریاستی وزیر فینانس ٹی ہریش راؤ نے آج سنگور پراجکٹ کا معائنہ کیا ۔ عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس طلب کیا ۔ پانی کی اجرائی سے فصلوں کو ہوئے نقصانات کا مشاہدہ کیا ۔ کسانوں سے بات چیت کی ۔ ایس آر ایس پی میں پانی کا انفلو کس قدر کم ہوا ہے ۔ لوور مانیر میں 96 ہزار کیوزکس ، میڈمانیر میں 29 ہزار کیوزکس ، ایلم پلی میں 82 ہزار کیوزکس پانی جمع ہورہا ہے ۔ یہ تمام پراجکٹس لبریز ہونے کے سبب زیریں حصہ میں پانی چھوڑ جارہا ہے ۔ دوسری طرف دریائے کرشنا کے طاس میں بھی پانی کی شدت جاری ہے ۔ سری سیلم میں 3.47 لاکھ کیوزکس ناگر جناساگر میں 2.73 لاکھ کیوزکس ، پلی چنتالہ میں 4.30 لاکھ کیوزکس پانی کا انفلو ہے ۔ ریاست کے تمام اہم پراجکٹس کے ساتھ تالابیں بھی لبریز ہوگئے ہیں ۔ ساتھ ہی ندیاں لبریز ہوگئی ہیں ۔ بھاری تعداد میں پانی بہنے سے ریاست کے دریائے گوداوری اور کرشنا طاس میں موجود 24,192 تالابوں میں بھاری مقدار میں پانی جمع ہوگیا ہے ۔ 11,972 تالابیں صد فیصد بھر گئے ہیں ۔ دریائے کرشنا کے طاس میں جملہ 23,301 تالاب ہیں جن میں 14,900 تالابیں لبریز ہوگئے ہیں ۔ مزید 3766 تالابیں کسی بھی وقت لبریز ہوسکتے ہیں ۔ سب سے زیادہ ضلع میدک کے حدود میں 6993 تالابیں لبریز ہوئی ہیں ۔ متحدہ ضلع محبوب نگر میں 4644 لبریز ہوئے ہیں ۔ دریائے گوداوری کے طاس میں جملہ 20,111 تالابیں ہیں جن میں 9292 تالابیں لبریز ہوگئے ہیں ۔ مزید 8206 تالاب کسی بھی وقت لبریز ہوسکتے ہیں ۔ متحدہ ضلع کھمم کے حدود میں 2795 متحدہ ضلع کریم نگر میں 2,578 متحدہ ورنگل ضلع میں 2209 تالابیں لبریز ہوگئے ہیں ۔ 152 تالابوں میں شگاف پڑ گیا ہے ۔ جاریہ موسم بارش میں جملہ 661 تالابوں میں شگاف پڑنے سے فصلوں کو بڑے پیمانے پر نقصان پہونچا ہے ۔۔