حیدرآباد 15 اگسٹ ( پی ٹی آئی ) بھائی بہنوں میں محبت و اخوت کو اجاگر کرنے والے تہوار ’ رکھشا بندھن ‘ کا آج ساری ریاست میں روایتی جوش و خروش کے ساتھ اہتمام کیا گیا ۔ اس موقع پر بہنوں نے اپنے بھائیوں کو روایتی انداز میں راکھی باندھی ۔ گورنر مسٹر ای ایس ایل نرسمہن نے بھی راج بھون میں رکھشا بندھن تہوار میں حصہ لیا ۔ سابق ٹی آر ایس رکن پارلیمنٹ کے کویتا نے اپنے بھائی و ورکنگ صدر ٹی آر ایس کے ٹی راما راو کو راکھی باندھی ۔ دونوں چیف منسٹر و صدر ٹی آر ایس کے چندر شیکھر راو کے بچے ہیں۔ چیف منسٹر چندر شیکھر راو کی بہن نے بھی اپنے بھائی کو راکھی باندھی ۔ چیف منسٹر کے دفتر سے جاری کردہ ایک اعلامیہ میں یہ بات بتائی گئی ۔ کانگریس کی خاتون قائدین نے پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر کیٹن این اتم کمار ریڈی کو گاندھی بھون پہونچ کر راکھی باندھی ۔ اسی طرح بی جے پی کے ریاستی صدر ڈاکٹر لکشمن کو بھی پارٹی کارکنوں نے راکھی باندھی ۔
