ریاست میں ریونیو ملازمین کے تحفظ کیلئے اقدامات

   

حیدرآباد۔/13 نومبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ ریونیو ایمپلائز اسوسی ایشن کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے ریاست میں ریونیو ملازمین کو تحفظ فراہم کرنے اور دیگر دیرینہ بعض حل طلب مسائل پر ریاستی حکومت کے ساتھ کی گئی بات چیت کامیاب رہنے کا ادعا کیا اور بتایا کہ حکومت کی جانب سے ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق مسٹر کے ٹی راما راؤ، ریاستی اسپیشل چیف سکریٹری مسٹر سومیش کمار، ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل آف پولیس مسٹر جتیندر نے تلنگانہ ریونیو ایمپلائز اسوسی ایشن پر مشتمل جوائنٹ ایکشن کمیٹی قائدین کے ساتھ متعدد مرتبہ کی گئی بات چیت کا مثبت ردعمل حاصل ہوا ۔ جوائنٹ ایکشن کمیٹی قائدین مسرس وی رویندر ریڈی، صدر نشین گوتم کمار سکریٹری جنرل اور ڈپٹی کلکٹرس اسوسی ایشن صدر چندرا موہن ، سکریٹری مدھو و دیگر قائدین نے اپنے ایک بیان میں یہ بات کہی اور بتایا کہ انتہائی دلسوز واقعہ میں ہلاک ہونے والی تحصیلدار شریمتی وجیا ریڈی کے مہلوک ڈرائیور گروناتھم کے افراد خاندان کو ریاستی حکومت کی جانب سے تمام تر سہولتیں بہم پہنچانے کا واضح طور پر کے ٹی راما راؤ نے تیقن دیا ہے۔ علاوہ ازی ریاستی محکمہ ریونیو ملازمین کے دیرینہ حل طلب بعض مسائل کی اندرون 15 یوم یکسوئی کرنے کے اقدامات کا بھی تیقن دیا۔