ریاست میں سانس لینے سے متعلق آر ایس وی کی دہشت

   

تشویش کی بات یہ ہے کہ بچے زیادہ متاثر ، کھانسی ، بخار ، زکام ، بدن درد ، کمزوری کے واقعات میں اضافہ
حیدرآباد ۔ 31 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : ریاست میں سانس لینے سے متعلق Respirator Syncytial Virus ( RSV ) وائرس انفکیشن کیس کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے ۔ تشویشناک بات یہ ہے کہ اس وائرس کا چھوٹے بچے زیادہ شکار ہورہے ہیں اور ہفتہ 10 دن سے ہاسپٹلس میں RSV انفیکشن کے کیسیس میں مبتلا مریض بھاری تعداد میں رجوع ہورہے ہیں ۔ اس انفیکشن کا شکار ہونے والوں کا آکسیجن لیول گھٹ رہا ہے جس کے نتیجہ میں سانس لینے میں متاثرین کو مشکلات ہورہی ہے ۔ اس بیماری میں مبتلا ہونے والے افراد میں شدید بخار ، کھانسی ، حلق درد ، بدن درد ، سردرد ، زکام جیسی علامتیں پائی جارہی ہیں ۔ گاندھی ہاسپٹل کے سپرنٹنڈنٹ راجہ راؤ نے بتایا کہ حالیہ دنوں میں ایسے کیسیس میں زبردست اضافہ ہوگیا ہے ۔ ساتھ ہی نمونیا کے کیسیس میں بھی اضافہ ہورہا ہے ۔ ڈاکٹرس کا کہنا ہے کہ سردی اکثر نمونیا کا باعث بن رہی ہے ۔ 5 سال سے کم عمر والے بچے اور 60 سال سے زیادہ عمر والے ضعیف افراد اس انفیکشنس کا زیادہ شکار ہورہے ہیں ساتھ ہی درمیانی عمر کے لوگ بھی اس سے متاثر ہورہے ہیں ۔ جو لوگ اس انفیکشن کا شکار ہورہے ہیں ۔ ان میں بخار ، کھانسی ، زکام اور کمزوری ہفتہ 10 دن تک پائی جارہی ہے ۔ چھوٹے بچوں میں انفیکشن زیادہ پھیل جانے سے ان کا آئی سی یو میں علاج کرنا پڑرہا ہے ۔ ڈاکٹرس کا کہنا ہے کہ کھانسی کے آغاز کے ساتھ ہی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ضرورت ہے ۔ بصورت دیگر یہ انفیکشن تیزی سے پھیلتا ہے ۔ ہندوستان میں ہر سال اوسطاً 3.31 کروڑ بچے RVS کا شکار ہورہے ہیں جس میں 10 فیصد بچوں کو ہاسپٹلس میں شریک کرواکر علاج کیا جاتا ہے ۔ اس سال 59,600 بچوں کو اس انفیکشن کی وجہ سے موت واقع ہوئی ہے ۔ دو سال سے زیادہ عمر کا ہر بچہ کم از کم ایک مرتبہ اس وائرس سے متاثر ہوتا ہے ۔ اس سال اس کا اثر اور بھی زیادہ بڑھ گیا ہے ۔۔ ن