ایک ہفتہ میں پانی میں بہنے اور بجلی گرنے سے 15 افراد ہلاک‘ این ڈی آر ایف ٹیمیں راحت کاری میں مصروف، 2 لاکھ ایکر اراضی پر محیط فصلیں پانی میں ڈوب گئی
حیدرآباد۔7 ۔ستمبر (سیاست نیوز) ریاست میں گزشتہ ایک ہفتہ سے ہونے والی بارش کی وجہ سے پانی میں بہنے اور بجلی گرنے کے مختلف واقعات میں بچوں سمیت 15 افراد ہلاک ہوگئے اور کئی افراد زخمی ہوگئے ۔ کئی مکانات اور دوکانات کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ محکمہ موسمیات نے ریاست میں آئندہ تین دن تک مزید بارش کی پیش قیاسی کرکے 9 اضلاع کیلئے آرینج اور 8 اضلاع کیلئے ایلو الرٹ جاری کیا اور کلکٹرس کو چوکس رہنے کا مشورہ دیا ہے ۔ اضلاع میں عوام کو غیر ضروری سفر ملتوی کرنے کا مشورہ دیا گیا ۔ ریاست میں گزشتہ ایک ہفتہ سے جاری موسلا اور دھواں دھار بارش کی وجہ سے کئی اضلاع میں عام زندگی درہم برہم ہوگئی ۔ شہر سرسلہ پوری طرح پانی میں ڈوب گیا ۔ جہاں راحت کاری کیلئے این ڈی آر ایف ٹیموں سے استفادہ کیا گیا ۔ ریاست کے تمام ذخائر آب لبریز ہوگئے ۔ ضلع جگتیال میں باپ بیٹے برج پار کرتے بہہ گئے ۔ سب سے زیادہ کتہ گوڑم میں 17.4 سنٹی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔ سیلاب و پانی کے بہاؤ میں کئی مقامات پر سڑکیں بہہ گئی ۔ 100 سے زائد مواضعات کا عام زندگی سے رابطہ منقطع ہوگیا ۔ کئی گاؤوں میں برقی منقطع ہوگئی ۔ ضلع ورنگل کے مختلف مقامات پر 10 سنٹی میٹر سے زیادہ بارش ہوئی جس کی وجہ سے شہر پھر ایک بار جھیل میں تبدیل ہوگیا ۔ 2 لاکھ سے زائد ایکر اراضی پر مشتمل فصلوں میں پانی جمع ہوگیا ۔ پانی داخل ہونے سے سنگا ریڈی کوئلے کی کالونی میں پیداوار روک دی گئی ۔ زیادہ بارش کی وجہ سے ریاست کے تمام تالاب ، ندیاں اور آبپاشی پراجکٹس لبریز ہوگئے ۔ کئی پراجکٹس کے گیٹس کھول کر پانی چھوڑا جارہا ہے ۔ بارش کو دیکھتے ہوئے آج نظام آباد میں تمام تعلیمی اداروں کیلئے تعطیل کا اعلان کیا گیا ۔ وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر نے سرسلہ کیلئے حیدرآباد سے این ڈی آر ایف ٹیموں کو روانہ کرکے راحت کاری میں تیزی پیدا کردی ۔ وزیر پنچایت راج ای دیاکر راؤ نے ورنگل میں بارش کی تباہ کاریوں کا جائزہ لے کر عہدیداروں کو جنگی خطوط پر راحت کاری کی ہدایت دی ۔ بارش کی وجہ سے شہر کریم نگر کے نشیبی علاقوں اور بستیوں میں پانی داخل ہوگیا ۔ ریاستی وزیر سیول سپلائیز گنگولہ کملاکر نے عہدیداروں کے ساتھ پانی میں ڈیڑھ گھنٹے تک گھومتے ہوئے پانی کی نکاسی اور راحت کاری کے اقدامات کا جائزہ لیا ۔ صلع جگتیال کے گولم پلی منڈل میں ایک شخص اپنے بیٹے کے ساتھ بائیک پر برج پاکر کررہا تھا جو پانی کے بہاؤ میں بہہ گیا ۔ 6 سالہ بیٹے وشنو وردھن کی نعش دستیاب ہوئی جبکہ باپ گنگا ملو کی عہدیداروں نے تلاش شروع کردی ۔ کئی اضلاع میں بارش کا پانی گھروں میں داخل ہوجانے کی وجہ سے چاول اور دوسری اشیاء ضروریہ پوری طرح پانی میں بھیک گئی ۔ سرسلہ کے عوام کیلئے کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے اور عہدیداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ عوام کیلئے 24 گھنٹے دستیاب رہے ۔ N