حیدرآباد ۔ 30 ۔ اپریل (سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ شدید گرمی کی لپیٹ میں ہے ۔ لوگ گھروں سے باہر نکلنے سے گھبرا رہے ہیں۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے بعض اضلاع کیلئے ریڈ الرٹ تک جاری کردیا گیا ہے۔ غیر ضروری عوام کو گھروں سے باہر نہ نکلنے کا مشورہ دیا جارہا ہے ۔ لو لگنے سے کل ایک ہی دن میں ریاست بھر میں 11 افراد کی موت واقع ہوگئی ہے۔ سن اسٹروک کا شکار ہوکر کئی افراد ہاسپٹلس میں زیر علاج ہیں۔ ریاست کے مختلف مقامات سے دھوپ کی شدت سے متاثر ہونے والوں کی اطلاعات وصول ہورہی ہے ۔ ضلع وقار آباد میں تین گداگر فوت ہوجانے اور ساتھ ہی ضلع ورنگل کے ایٹوناگارام منڈل میں 70 سالہ آنگن واڑی ٹیچر پریما لیلا، ضلع محبوب نگر کے سالار تانڈے میں 45 سالہ مزدور بھوکیا ملسور اور اسی ضلع کے ڈورناکل منڈل سے تعلق رکھنے والے 46 سالہ وی اپلیا،ضلع ونپرتی کے پیپر منڈل میں 30 سالہ معذور بالراج، ضلع نلگنڈہ میں 12 سالہ کوشک اور اسی ضلع کے تپرتی منڈل کے 70 سالہ کسان بھکشیما، ضلع آصف آباد کے بیجور منڈل کے 22 سالہ روی، ضلع منچریال کے بھیمنی منڈل میں 74 سالہ ناگیا سن اسٹروک کی وجہ فوت ہوگئے ۔ ریاست کے کئی علاقوں میں پیر کو 45 ڈگری سے زیادہ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا ۔ ضلع نلگنڈہ کے ماٹور میں سب سے زیادہ 45.5 ڈگری سیلسیس درجہ حرارت ریکارڈ ہوا ہے ۔ ضلع ملگ میں 45.3 ، ضلع بھوپال پلی کے ریگنڈہ میں 45.2 ، ضلع نلگنڈہ کے تما پور، ضلع ونپرتی کے پانگل میں 45.1 اور دیگر اضلاع میں 45 ڈگری درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا ہے ۔ محکمہ موسمیات حیدرآباد نے چہارشنبہ کو بھی تمام اضلاع کیلئے آرنیج الرٹ جاری کیا ہے ۔ تمام مقامات پر 41 تا 46 ڈگری درجہ حرارت ریکارڈ ہونے کی پیش قیاسی کی ہے۔2