ریاست میں غیر معلنہ ایمرجنسی نافذ : ہریش راؤ

   

اظہار خیال ، احتجاج پر پابندی ، بی آر ایس قائدین کو گھروں میں نظر بند رکھنے کی مذمت
حیدرآباد ۔ 6 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : بی آر ایس کے رکن اسمبلی سابق وزیر ٹی ہریش راؤ نے بی آر ایس قائدین کو پولیس کی جانب سے گھروں میں نظر بند کردینے کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں اندرا اماں راجیم کے نام پر بالواسطہ طور پر اندرا گاندھی کے دور کی ایمرجنسی نافذ کردینے کا الزام عائد کیا ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ دستور تیار کرنے والے امبیڈکر کی یوم پیدائش کے موقع پر بی آر ایس پارٹی نے ٹینک بینڈ پہونچکر امبیڈکر کو خراج عقیدت پیش کرنے کا فیصلہ کیا تھا لیکن پولیس نے آج صبح سے ہی بی آر ایس کے ارکان اسمبلی اور ارکان قانون ساز کونسل کے علاوہ دوسرے قائدین کو گھروں پر نظر بند کردیا ۔ انہیں گھروں سے باہر نکلنے نہیں دیا ۔ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی ریاست میں اظہار خیال کی آزادی اور احتجاج کرنے کا مکمل حق دینے کا اعلان کررہے ہیں ۔ مگر عوامی مسائل پر احتجاج کرنے اور حق کی بات کرنے والوں کے خلاف بالخصوص بی آر ایس کے عوامی منتخب نمائندوں کے خلاف جھوٹے مقدمات درج کرتے ہوئے انہیں گرفتار کیا جارہا ہے ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ کانگریس پارٹی ایک طرف حکومت کے ایک سال کی تکمیل میں عوامی جشن منا رہی ہے تو دوسری طرف غیر معلنہ ایمرجنسی نافذ کردیا گیا ہے ۔ عوامی مسائل پر احتجاج کرنے والے بی آر ایس کے ارکان اسمبلی کے خلاف جھوٹے مقدمات درج کرتے ہوئے انہیں مختلف طریقوں سے ہراساں و پریشان کیا جارہا ہے ۔ ریاست میں پولیس کانگریس کارکنوں کی طرح کام کررہی ہے اور گاندھی بھون سے ایف آئی آر جاری ہورہے ہیں ۔ بی آر ایس کے رکن اسمبلی نے کہا کہ کانگریس کا ایک سالہ دور حکومت مایوس کن ہے ۔ 9 دسمبر سے شروع ہونے والے اسمبلی اجلاس میں بی آر ایس پارٹی عوامی مسائل کو موضوع بحث بناتے ہوئے حکومت کو جھنجوڑ کر رکھ دے گی ۔۔ 2