کئی عہدیدار متاثر ۔ دوسروں نے قرنطینہ اختیار کرلیا ۔ دفاتر میں عوام کے داخلہ پر بھی پابندیاں
حیدرآباد۔20جنوری(سیاست نیوز) ریاست میں غیر معلنہ لاک ڈاؤن لگایا جاچکا ہے! سرکاری دفاتر میں 40 فیصد عملہ سے خدما ت انجام دی جا رہی ہیں۔ دفاتر میں عملہ کی کمی اور جن ملازمین میں کورونا علامتیں پائی جا رہی ہیں ان کو دفترحاضرنہ ہونے ہدایات کے سبب سرکاری فائیلس التواء کا شکار ہونے لگی ہیں ۔ کہا جا رہاہے کہ عملہ کی کمی اور عہدیداروں کے قرنطینہ کے سبب صورتحال ابتر ہونے لگی ہے۔ حکومت کے اہم عہدیدارجئیش رنجن‘ سندیپ کمار سلطانیہ ‘سرینواس راجو‘ سید علی مرتضیٰ رضوی‘ رونالڈ روز‘وکاس راج‘ شیو شنکر‘ کے علاوہ ڈائرکٹر صحت کورونا متاثر ہونے کے بعد دیگر عہدیدار متاثرہ عہدیداروں سے رابطہ میں آنے کے سبب قرنطینہ اختیار کرنے لگے ہیں اور بعض عہدیدار دواخانوں میں محض اس لئے داخلہ لے رہے ہیں کہ انہیں زائد ذمہ داریاں تفویض نہ کی جائیں۔اس کے برعکس بعض عہدیدار دواخانہ میں شریک ہونے کی بجائے گھروں سے کام کر رہے ہیں اور وہ ماتحتین سے رابطہ میں ہیں۔ سرکاری عہدیداروں کے رویہ سے محسوس ہورہا ہے کہ ریاست میں غیر معلنہ لاک ڈاؤن لگایا جاچکا ہے اور عہدیدار ممکنہ حد تک دفاتر اور عملہ سے دور رہنے لگے ہیں۔ ریاست میں تاحال 1000 سے زائد پولیس اہلکاروں کو کورونا کی توثیق ہوئی اور ڈائرکٹر جنرل پولیس دفتر میں 150 پولیس اہلکاروں کو کورونا کی توثیق ہوئی اسی طرح ریاست میں تاحال زائد از 1000 ڈاکٹرس کورونا کے شکار ہوچکے ہیں جن میں سرکاری و خانگی دواخانوں کے ڈاکٹرس اور پی جی ڈاکٹرس شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق تلنگانہ آر ٹی سی ڈرائیورس اور کنڈکٹرس کورونا کا شکار ہورہے ہیں اور کی تعداد میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔ سرکاری ملازمین نے حکومت اور اعلیٰ عہدیداروں سے خواہش کی ہے کہ کورونا مریضوں کی تعداد میں اضافہ کو دیکھتے ہوئے 50فیصد عملہ کی پالیسی کو روشناس کروایا جائے تاکہ دفاتر میں سماجی فاصلہ کی برقراری کے علاوہ متاثرین کی نشاندہی پر دوسروں کو متاثر ہونے سے محفوظ رکھا جاسکے ۔ بیشتر سرکاری دفاتر میں عوام کے داخلہ پر غیر معلنہ پابندی عائد کردی گئی اور نواحی علاقوں میں پولیس اسٹیشنوں کے باہر خیمہ نصب کرکے شکایات وصول کی جا رہی ہیں۔ سیکریٹریٹ کے بیشتر دفاتر میں بھی وزیٹرس کے داخلہ پر پابندی عائد کردی گئی اور عہدیداروں کی جانب سے ملاقاتیوں کو روک دینے کی ہدایات دی گئی ہیں۔ محکمہ تعلیم ‘ انفارمیشن ٹیکنالوجی ‘محکمہ صحت کے علاوہ دیگر محکمہ جات میں حالات ابتر ہونے لگے ہیں اور ملازمین میں کورونا وائرس کی علامتیں پائی جارہی ہیں۔م