ریاست میں قبل از وقت اسمبلی انتخابات کا امکان مسترد

   

چیف منسٹر کے سی آر پر عوام کے اعتماد میں اضافہ ۔ وزیر توانائی جگدیش ریڈی کا ادعا

حیدرآباد۔ 22 جنوری ( سیاست نیوز ) وزیر توانائی جی جگدیش ریڈی نے آج واضح کیا کہ ریاست میں اسمبلی کے قبل از وقت انتخابات کا امکان نہیں ہے ۔ سوریہ پیٹ میں ایک سرکاری پروگرام کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے جگدیش ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ پردیش کانگریس کے سابق صدر اتم کمار ریڈی ریاست میں قبل از وقت انتخابات کا خواب دیکھ رہے ہیں تاہم ان کا یہ خواب کبھی پورا نہیں ہوگا ۔ انہوں نے اشارہ دیا کہ ٹی آر ایس حکومت ریاست میں قبل از وقت انتخابات نہیں کروائے گی ۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ آئندہ انتخابات میں ٹی آر ایس کو متحدہ ضلع نلگنڈہ کی تمام 12 نشستوں پر کامیابی حاصل ہوگی ۔ انہوں نے دعوی کیا کہ کانگریس پارٹی متحدہ ضلع نلگنڈہ میں اپنا وجود کھوچکی ہے ۔ نلگنڈہ میں کئی دہوں تک خشک سالی رہی اور فلورائیڈ کا مسئلہ رہا جو کانگریس حکومتوں کی دین تھا ۔ ٹی آر ایس نے علیحدہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل اور اپنے اقتدار میں اس مسئلہ سے نلگنڈہ کو نجات دلائی ۔ انہوں نے کہا کہ حضور نگر اور ناگرجنا ساگر ضمنی انتخابات میں ٹی آر ایس کی کامیابی سے پتہ چلتا ہے کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ پر عوام کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے ۔ انہوں نے مخالف عوام پالیسیوں پر عمل کرنے پر مرکز کی نریندرمودی حکومت پر بھی تنقید کی ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ نریندر مودی حکومت میں ملک کے عوام کی فلاح و بہبود کیلئے کچھ نہیں کیا گیا ہے ۔ گجرات میں بی جے پی حکومت 25 سال سے حکمرانی کرنے کے باوجود عوام کو پینے کا پانی تک سربراہ کرنے کے موقف میں نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر بی جے پی قائدین ان کا چیلنج قبول کرتے ہیں تو وہ اس کیلئے گاندھی نگر یا نئی دہلی کا دورہ کرنے بھی تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں کلیان لکشمی ‘ شادی مبارک ‘ ریتو بندھو اور ریتو بیمہ جیسی اسکیمات پر عمل کیا جا رہا ہے جو سارے ملک میں منفرد اور مثالی ہیں۔ ملک کی کسی اور ریاست میں ایسی اسکیمات نہیں ہیں ۔ انہوں نے ادعا کیا کہ ریاستی حکومت عوام کی فلاح و بہبود کیلئے کام کرنے کی پابند ہے ۔