ریاست میں لاک ڈاون کی افواہیں مسترد : ایٹالہ راجندر

   

حیدرآباد۔ وزیر صحت ایٹالہ راجندر نے آج ان اطلاعات کو مسترد کردیا کہ ریاست میں لاک ڈاون نافذ کیا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں لاک ڈاون کی کوئی گنجائش نہیں ہے ۔ انہوں نے حضور نگر میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے عوام سے کہا کہ وہ کورونا سے بچاو کیلئے تمام تر احتیاط کو اختیار کریں اور انتہائی شدید ضرورت پر ہی اپنے گھروں سے باہر آئیں۔ انہوں نے خانگی دواخانوں میں مریضوں سے بھاری رقومات اینٹھے جانے کی اطلاعات پر کہا کہ دواخانوں کیلئے یہ مناسب نہیں ہے کہ وہ مریضوں سے رقوم لوٹیں۔ لوگ زندگی بچانے دواخانوں سے رجوع ہوتے ہیں اور وہاں پیسے اینٹھنا درست نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ خانگی دواخانوں کے انتظامیہ کو چاہئے کہ وہ مریضوں کے ساتھ انسانی رویہ اختیار کریں۔ انہوں نے دواخانوں کو خبردار کیا کہ وہ اپنے مفادات کی تکمیل ہی کو یقینی نہ بنائیں بلکہ مریضوں کا سہارا بنیں۔