ریاست میں لا اینڈ آرڈر کی ابتر صورتحال پر کے ٹی آر کا اظہار تشویش

   

کانگریس کے قائد جیون ریڈی بھی صورتحال سے ناخوش ‘ حکومت چوکسی اختیار کرے ، پولیس کو آزادی دے
حیدرآباد ۔ 22 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : بی آر ایس ورکنگ صدر کے ٹی آر نے کانگریس رکن قانون ساز کونسل ٹی جیون ریڈی کی جانب سے ریاست میں لا اینڈ آرڈر کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرنے پر کہا کہ ہم چند ماہ سے ریاست میں لا اینڈ آرڈر کی صورتحال بگڑ جانے کی بات کررہے ہیں مگر حکومت کی جانب سے اس کو مسترد کردیا جارہا ہے ۔ جگتیال میں کانگریس قائد کے قتل پر سابق وزیر کانگریس رکن کونسل ٹی جیون ریڈی نے شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ کے ٹی آر نے کہا کہ ریاست میں وزیر داخلہ کی عدم موجودگی سے لا اینڈ آرڈر کی صورتحال پر اس کا زیادہ اثر پڑا ہے ۔ گذشتہ 10 ماہ میں کئی واقعات پیش آئے ہیں ۔ عوام میں ان کی شدید مخالفت کی گئی ۔ بی آر ایس قائدین نے ڈی جی پی کے علاوہ متعلقہ پولیس عہدیداروں کو اس کی تحریری یادداشت پیش کی ہے جس کا کوئی سخت نوٹ نہیں لیا گیا ۔ آج یہی بات کانگریس قائد جیون ریڈی کہہ رہے ہیں کم از کم پولیس اب تو چوکسی اختیار کرے۔ عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے ضروری اقدامات کرے ۔ امن و امان پر توجہ کی بجائے پولیس سیاسی امور میں مصروف ہے جس کی وجہ سے دن دھاڑے قتل و غارت گری ہورہی ہے ۔ خواتین پر مظالم میں اضافہ ہوا ہے ۔ لا اینڈ آرڈر کنٹرول کرنے حکومت سخت اقدامات کرے ۔ پولیس عہدیداروں کو مکمل آزادی پر زور دیا۔ کے ٹی آر نے کہا کہ ریاست میں با صلاحیت پولیس عہدیدار موجود ہیں انہیں کام کرنے دیا جائے تو ریاست میں لا اینڈ آرڈر برقرار رہے گا ۔ ریاست میں بگڑی لا اینڈ آرڈر کی صورتحال پر تشویش ہورہی ہے ۔۔ 2