18 اگست کو آمنگل بند منانے کا اعلان، راجہ سنگھ کی مخالفت
حیدرآباد۔ 16 اگست (سیاست نیوز) شہر حیدرآباد کے بشمول ریاست تلنگانہ میں ’مارواڑی گو بیک‘ کی تحریک شدت اختیار کررہی ہے۔ اس سلسلہ میں 18 اگست کو آمنگل بند منانے کا اعلان کیا گیا ہے۔ بی جے پی سے مستعفی ہو جانے والے گوشہ محل کے رکن اسمبلی راجہ سنگھ نے بھی اس تحریک کی مخالفت کا اعلان کیا ہے۔ یہ تحریک شہر حیدرآباد کے مختلف علاقوں کے ساتھ ریاست بھر میں تیزی سے فروغ پا رہی ہے۔ تلنگانہ کے مقامی تاجرین کا کہنا ہے کہ ریاست کے مختلف علاقوں میں مارواڑی طبقہ اپنی تجارت کو توسیع دیتے ہوئے مقامی لوگوں کا کاروبار اور روزگار تباہ و برباد کررہا ہے جس کے خلاف یہ تحریک شروع کی گئی ہے۔ مقامی تاجرین نے کہا کہ مارواڑی طبقہ کی دکانوں میں مقامی نوجوانوں کو روزگار فراہم نہیں کیا جارہا ہے۔ صرف لیبر کی حیثیت سے ان کی خدمات سے استفادہ کیا جارہا ہے۔ پہلے سوشل میڈیا پر اس تحریک کا آغاز ہوا تھا جو دیکھتے ہی دیکھتے شہری اور دیہی علاقوں تک پہنچ گیا۔ سکندرآباد کے مونڈہ مارکٹ میں پیش آئے ایک واقعہ کے بعد اس تحریک کا آغاز ہوا۔ مرکزی مملکتی وزیر داخلہ بنڈی سنجے نے اس مہم کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ مارواڑی گو بیک کا نعرہ ہندو سماج کو تقسیم کرنے کی ایک سازش ہے۔ چند سیاسی جماعتیں اس کو ہوا دے رہے ہیں۔ پہلے راجہ سنگھ نے بھی اس کی تائید کی تھی تاہم اسمبلی حلقہ گوشہ محل کے مقامی تاجرین کی ناراضگی کے بعد انہوں نے اپنا موقف تبدیل کرتے ہوئے اس تحریک کی مخالفت کرنے کا اعلان کیا ہے۔ 2