نارائن پیٹ میں گزشتہ دو یوم سے بارش جاری، کسانوں کو راحت
نارائن پیٹ۔ ریاست میں مانسون کی آمد سے قبل ہی نارائن پیٹ ضلع میں پچھلے دو دنوں سے گرج و چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش ہورہی ہے جس کے سبب ضلع میں کسانوں اور زراعت سے وابستہ افراد میں خوشی و مسرت کی لہر دوڑ گئی ہے۔ امسال مانسون کے ریاست میں داخلہ سے پہلے ہی اچھی بارش کے سبب کسانوں نے جو اُگادی کے بعد سے ہی اپنی اراضیات میں تخم ریزی کے لئے کھیتوں کو تیار کرلئے ہیں تخم ریزی کا آغاز کردیا ہے۔ کسانوں نے اس سال شروع میں ہی قبل از وقت بارش سے اس توقع کا اظہار کیا ہے کہ اس بار پچھلے سال کی طرح فائدہ مند اور نفع بخش بارش ہوگی اور ان کی امیدیں بارآور ہوں گی۔ نارائن پیٹ ضلع میں سب سے زیادہ بارش پچھلے دنوں نارائن پیٹ منڈل میں نوٹ کی گئی۔ نارائن پیٹ منڈل میں 80 ایم ایم بارش ریکارڈ کی گئی ۔ محکمہ موسمیات نے اس ہفتہ مزید بارش کی پیش قیاسی کی ہے۔