ریاست میں مرحلہ واری اساس پر اسکولس کی کشادگی عمل میں آئے گی

   

طلبہ کو آن لائن، آف لائن تعلیم کا انتخاب کرنے کا اختیار۔ چیف منسٹر کی منظوری کے بعد رہنمایانہ خطوط کی اجرائی

حیدرآباد : محکمہ تعلیم کی جانب سے ریاست میں مرحلہ واری اساس پر اسکولس کے باقاعدہ کلاسیس شروع کرنے کی منصوبہ بندی تیار کی جارہی ہے۔ اسکولس اور جونیر کالجس میں آن لائن اور آف لائن کلاسیس کا طلبہ کو موقع فراہم کیا جائے گا۔ طلبہ کو اختیار دیا جارہا ہیکہ وہ دونوں میں کسی ایک سسٹم کا انتخاب کرسکتے ہیں۔ یکم ؍ جولائی سے 8,9,10 جماعتوں کے کلاسیس 20 جولائی سے 6,7 جماعتوں کے کلاسیس کا آغاز کرنے اور 16 اگست سے 3,4,5 جماعتوں کے باقاعدہ کلاسیس شروع کرنے کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔ ریاستی وزیرتعلیم سبیتا اندرا ریڈی نے کل محکمہ تعلیم کے اعلیٰ عہدیداروں کا اجلاس طلب کرتے ہوئے اسکولس اور کالجس کی کشادگی آن لائن اور آف لائن کلاسیس کا جائزہ لیا ہے جس میں یکم ؍ جولائی انٹرمیڈیٹ، پالی ٹیکنک، ڈگری، پی جی کلاسیس میں باقاعدہ کلاسیس شروع کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے اس کی تیاریاں کرنے کی محکمہ تعلیم کے اعلیٰ عہدیداروں کو ہدایت دیدی گئی ہے۔ محکمہ تعلیم نے دو یا تین مرحلوںمیں 3-10 جماعتوں کے کلاسیس کا آغاز کرنے کا منصوبہ تیار کیا ہے۔ فی الحال چھٹویں جماعت کے داخلے نہیں ہوئے کورونا کی وجہ سے اسکولس بند ہیں جس سے داخلوں کا عمل مکمل نہیں ہوا ہے۔ اسکولس کی کشادگی کیلئے ایک ہفتہ ہی باقی رہ گیا ہے جس کی وجہ سے پہلے مرحلہ میں آٹھویں تا دسویں جماعت کے کلاسیس کا آغاز کرنے کی محکمہ تعلیم نے تجویز تیار کی ہے۔ چیف منسٹر کے سی آر کی منظوری کے بعد رہنمایانہ خطوط جاری کردیئے جائیں گے۔ خانگی اسکولس کی فیس میں اضافہ نہ کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں وزیرتعلیم سبیتا اندراریڈی 23 جون کو خانگی اسکولس کے نمائندوں کے ساتھ ایک اجلاس منعقد کریں گی۔ خانگی تعلیمی اداروں کو ہدایت دی گئی ہیکہ وہ جی او 46 کے تحت سال 2019-20ء میں جو فیس وصول کی گئی تھی جاریہ سال بھی وہی فیس وصول کریں۔ اجلاس میں طئے پایا گیا ہیکہ 1.2 جماعتوں کے طلبہ کیلئے آن لائن اور آف لائن کلاسیس نہیں رہیں گے۔ کورونا کے رہنمایانہ خطوط کے ضمن میں 50 فیصد طلبہ کو کلاسیس میں حاضر ہونے کی اجازت دی جائے۔ دو شفٹوں میں اسکولس چلایا جائے اس کا جائزہ بھی لیا گیا۔ دو تین دن میں تعلیمی سب کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوگا جس میں وزرا اس تعلق سے ہاسٹلس کے ساتھ اسکولس کو باقاعدہ کھولنے کے بارے میں فیصلہ کریں گے۔