ریاست میں مسلسل انتخابات ‘ عوام پریشان

   

Ferty9 Clinic

ریوینیو مشنری انتخابی عمل میں مصروف ۔ عوامی کام ٹھپ
حیدرآباد ۔ 23 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : ضلع ریوینیو مشنری انتخابات میں مصروف ہے چار ماہ قبل سے اسمبلی سرپنچ ، پارلیمنٹ اور اب زیڈ پی ٹی سی و یم پی ٹی سی انتخابات کے انعقاد میں بے حد مصروف ہے علاوہ ازیں انتخابی ضابطہ اخلاق نافذ ہے اور انتخابات کے مد نظر نصف سے زائد عہدیداران کے تبادلے کیے گئے اور نئے افسران کیلئے ضابطہ اخلاق رکاوٹ بنا ہوا ہے جس کے نتیجہ میں عوامی کاموں کیلئے داخل درخواستیں کئی ماہ گذرنے کے باوجود التوا میں ہیں اور عوام روزانہ دفاتر کے چکر کاٹنے پر مجبور ہیں ۔ کئی پرائیوٹ اسکولس اور کالجس میں داخلوں کا اعلان کیا جاچکا ہے اور تعلیمی ادارے طلبہ سے انکم سرٹیفیکٹس ، کاسٹ سرٹیفیکٹس وغیرہ طلب کررہے ہیں ۔ طلبہ و اولیائے طلبہ اگرچہ درخواستیں داخل کئے مگر انہیں سرٹیفیکٹس دستیاب نہیں ہورہے ہیں ۔ شادی مبارک و کلیان لکشمی اسکیموں کی امداد بھی مستحقین کو نہیں ادا کی جارہی ہے ۔ مستحق افراد کا کہنا ہے کہ حکام نے انہیں بتایا ہے کہ امدادی رقم کے چیکس عوامی نمائندوں کے ہاتھوں دینے انہیں احکام ملے ہیں اور فی الحال انتخابی ضابطہ کی وجہ سے ہر حال میں انتخابی نتائج آنے تک انتظار کرنے کہا جارہا ہے ایک ریونیو آفیسر نے بتایا کہ نہ جائزہ اجلاس منعقد ہورہے ہیں اور نہ درخواستوں کی تنقیح ہورہی ہے اور عہدیداران کے تبادلہ ہوئے ہیں جس کی وجہ سے درخواستوں کی یکسوئی نہیں ہو پارہی ہے ایک اور اعلیٰ افسر نے اعتراف کیا کہ واقعی عوام کو پریشانی اٹھانی پڑ رہی ہے ۔