ریاست میں مسلسل بارش سے برقی کی طلب میں نمایاں کمی ،وولٹیج میں کمی و بیشی کے نتیجہ میں گھریلو اشیا ناکارہ

   

حیدرآباد۔تلنگانہ میں مسلسل بارش کے دوران برقی طلب میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے اور محکمہ برقی کے عہدیداروں نے بارش کے سبب برقی سربراہی میں خلل کے علاوہ وولٹیج میں کمی بیشی کے متعلق صارفین کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس طرح کی کسی بھی صورتحال میں فوری محکمہ برقی کو مطلع کریں۔ صدرنشین و منیجنگ ڈائریکٹر ٹرانسکو و جینکو مسٹر پربھاکر راؤ نے جائزہ اجلاس کے دوران ریاست میں بارش کے سبب پیدا صورتحال کا جائزہ لیا اور عوام کو متنبہ کیا کہ وہ برقی ٹرانفارمرس و کھمبوں کے قریب نہ جائیں اور نہ تاروں سے چھیڑ چھاڑ کی کوشش کریں۔ انہوں نے کسی بھی طرح کے برقی مسئلہ کی صورت میں فوری طور پر 1912 یا پھر 100 پر شکایت درج کروانے اپیل کی اور حکام کو مشورہ دیا کہ بارش کے دوران مسلسل معیاری برقی سربراہ کرنے اقدامات کو یقینی بنایاجائے تاکہ شہریوں کو مسائل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ عہدیداروں نے بتایا کہ تلنگانہ میں مسلسل بارش کے دوران برقی طلب میں کمی آ رہی ہے ۔ اب تک ریاست میں 12ہزار میگا واٹ برقی طلب سے گھٹ کر 4300 میگا واٹ ہوچکی ہے جبکہ ہائیڈل برقی پیداوار جاری ہے۔ مسٹر پربھاکر راؤ نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ 24 گھنٹے چوکس رہیں اور کسی بھی شکایات کی صورت میں فوری اقدامات کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے بارش کے دوران مسلسل بلا وقفہ سربراہی کو یقینی بنانے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ بارش میں نقصانات اور حادثہ سے نمٹنے درکار برقی سربراہی کو یقینی بنانے میں کوئی کوتاہی نہ کی جائے۔ دونوں شہروں حیدرآبادو سکندرآباد کے کئی علاقوں میں وولٹیج کے اتار چڑھاؤ کے سبب الکٹرانک اشیاء کے غیر کارکرد ہوجانے کی شکایات ملی ہیں ۔ سوماجی گوڑہ ‘ پنجہ گٹہ‘ بنجارہ ہلز ‘ مادھاپور‘ جوبلی ہلز و پرانے شہر کے کئی علاقوں میں وولٹیج میں اچانک اتار چڑھاؤ سے الکٹرانک اشیاء بالخصوص فریج‘ ٹیلی ویژن‘ کمپیوٹر ‘ ائیر کنڈیشن اور دیگر اشیاء کے غیر کارکرد ہوجانے اور مسلسل وولٹیج میں کمی کے سبب صارفین کو بھاری نقصانات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔