ریاست میں معمول سے 26فیصد اضافی بارش ۔ بعض اضلاع میں کمی

   

حیدرآباد 24 اکٹوبر(سیاست نیوز) تلنگانہ میں مانسون کے اختتام پر جاری تلنگانہ اسٹیٹ ڈیولپمنٹ پلاننگ سوسائیٹی کی رپورٹ کے مطابق مانسون میں ریاست میں 26 فیصد اضافی بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ جنگاؤں میں بارش معمول کے مطابق نہیں رہی ۔ ٹی ایس ڈی پی ایس کی تفصیلات کے مطابق تلنگانہ میں مجموعی اعتبار سے 1022.8 ملی میٹر بارش ہوئی جو کہ معمول کی بارشوں سے 26 فیصد زیادہ ہے ۔ معمول کے مطابق تلنگانہ میں 813.5 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوتی ہے اور اس بار مانسون میں بھی معمول کی بارشوں کے امکانات ظاہر کئے گئے تھے لیکن 26 فیصد اضافی بارش سے کئی ذخائر آب لبریز ہوچکے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق 22اضلاع میں اضافی بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ وقارآباد ضلع میں مانسون کے آخری دن 11.3 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جو دیگر اضلاع پر سبقت حاصل کرچکی ہے۔ مجموعی اعتبار سے مانسون میںضلع وقار آباد میں 1109.9 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ دیگر اضلاع وقارآباد سے پیچھے ہیں۔کمرم بھیم ‘ نرمل ‘ پدا پلی میں بھی معمول سے زیادہ بارش ہوئی جبکہ ورنگل ‘ جنگاؤ اور کاماریڈی میں معمول سے کم بارش ہوئی ہے۔ حیدرآباد میں معمول سے کافی زیادہ بارش ہوئی اور 876.8 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ معمول کے مطابق شہر میں عام طور پر 709.3 ملی میٹر بارش ہوتی ہے۔ دیگر اضلاع میں بہتر بارشوں کے نتیجہ میں ذخائر آب کے لبریز ہونے کے علاوہ تالاب اور کنٹوں میں بھی پانی جمع ہوچکا ہے اور جن اضلاع کو سیلاب کی صورتحال کا سامنا کرنا پڑا ہے ان میں بعض اضلاع میں مجموعی اعتبار سے ناکافی بارش ریکارڈ کی گئی ۔ عہدیدارو ںکے مطابق ریاست بھر میں ہونے والی بارشوں کا جائزہ لینے کے بعد جلد ہی زیر زمین پانی کی سطح کا بھی جائزہ لیتے ہوئے رپورٹ جاری کی جائے گی اور انہیں یقین ہے کہ ریاست کے بیشتر اضلاع میں زیر زمین سطح آب میں بھی اضافہ ہوا ہے کیونکہ کئی مقامات پر اضافی بارش کے سبب زیر زمین سطح آب میں اضافہ کا بھی امکان ہے۔3