ریاست میں معمول سے 53.5 فیصد زیادہ بارش

   

9 اضلاع میں حد سے زیادہ 18 اضلاع میں زیادہ اور 6 اضلاع میں معمول کے مطابق بارش
حیدرآباد۔3 ۔اگست (سیاست نیوز) تلنگانہ میں مانسون کے آغاز کے ساتھ ابتدائی دو ماہ میں معمول سے 53.3 فیصد زیادہ بارش ہوئی ۔ 3 جون کو ریاست میں مانسون داخل ہوا ہے تبھی ہوا کے دباؤ کی کمی سے ریاست میں زبردست بارش ہوئی ۔ ایک ماہ کی بارش چار پانچ دن میں ہوگئی ۔ جولائی میں دوبارہ بارش کا سلسلہ شروع ہوا جس سے مختلف اضلاع میں زبردست بارش ہوئی ۔ ریاست میں مانسون کے آغاز سے تاحال تک 36.30 سنٹی میٹر بارش ہوئی ہے ۔ محکمہ موسمیات نے بتایا کہ اس سیزن میں ابھی تک معمول سے 53.3 فیصد زیادہ بارش ہوئی ہے ۔ ریاست میں دھواں دار بارش ہوئی ہے ۔ تاہم 6 اضلاع میں معمول سے دوگنا زیادہ بارش ہوئی ہے ۔ اضلاع جگتیال ، نارائن پیٹ ، نرمل ، راجنا سرسلہ ، سدی پیٹ ، یادادری، بھونگیر میں معمول سے 100-150 فیصد زیادہ بارش ہوئی ۔ اضلاع محبوب آباد ، ورنگل اربن ، ورنگل رورل میں ماہ جون کے دوران زیادہ اور حد سے زیادہ بارش ریکارڈ ہونے کی وجہ سے بھی ان اضلاع میں 150 فیصد زیادہ بارش ریکارڈ ہوئی ہے ۔ ریاست کے 9 اضلاع میں حد سے زیادہ اور 18 اضلاع میں زیادہ بارش ہوئی جبکہ 6 اضلاع میں معمول کے مطابق بارش ہوئی ہے ۔ ریاست میں گزشتہ سال مانسون کے سیزن میں 107.5 سنٹی میٹر بارش ہوئی تھی ۔ تاہم اس سیزن کے دوران صرف ماہ جولائی میں معمول سے 57 فیصد زیادہ بارش ہوئی ہے ۔ ا ضلاع نظام آباد ، ورنگل اربن ، راجنا سرسلہ ، سدی پیٹ ، جنگاؤں ، یادادری ، بھونگیر، رنگا ریڈی ، ونپرتی میں حد سے زیادہ بارش ہوئی جبکہ اضلاع عادل آباد ، آصف آباد ، جگتیال ، محبوب آباد، ورنگل رورل ، کاما ریڈی ، سنگا ریڈی ، میدک ، ملکاجگری ، حیدرآباد ، وقار آباد ، محبوب آباد ، گدوال ، نلگنڈہ ، سوریا پیٹ ، کھمم میں زیادہ بارش ہوئی ۔ ساتھ ہی اضلاع منچریال ، پدا پلی ، جئے شنکر بھوپال پلی ، بھدرادری ، کتہ گوڑم، ونپرتی ، ملگ میں معمول کے مطابق بارش ہوئی ہے ۔
شہر میں بارش کا امکان نہیں
حیدرآباد۔ محکمہ موسمیات نے کہا کہ شہر میں آئندہ دو تا تین دن کے دوران بارش کا امکان نہیں ہے اور موسم خشک رہے گا ۔ محکمہ نے بتایا کہ کچھ مقامات پر معمولی بوندا باندی کے سواء شہر میں گذشتہ ایک ہفتے میں کوئی بارش نہیں ہوئی ہے ۔ دوسری جانب موسم خشک اور گرم ہونے لگا ہے ۔ اعظم ترین درجہ حرارت 30.4 ڈگری ریکارڈ کیا گیا ہے ۔ محکمہ نے بتایا کہ آئندہ دو تا تین دن کے دوران شہر میں بارش کا امکان نہیں ہے ۔ یہ در اصل بریک مانسون ہے اور درجہ حرارت میں ایک تا دو ڈگری کا اضافہ ہوسکتا ہے ۔ اگسٹ کے دوسرے ہفتے میں تلنگانہ میں مانسون سرگرم ہوجائیگا ۔