الیکشن شیڈول سے قبل اجرائی کی کوشش، جاریہ سال 3800 سرکاری ٹیچرس کی سبکدوشی
حیدرآباد۔/24 جنوری، ( سیاست نیوز) تلنگانہ میں اساتذہ کی جائیدادوں پر تقررات کیلئے میگا ڈی ایس سی سے متعلق وعدہ کی تکمیل پر ریونت ریڈی حکومت نے توجہ مرکوز کی ہے۔ لوک سبھا چناؤ کے شیڈول کی اجرائی سے قبل ہی ڈی ایس سی کا اعلامیہ جاری کرنے کی تیاری شروع کردی گئی ہے۔ باوثوق ذرائع کے مطابق عہدیداروں کو مخلوعہ جائیدادوں کی تفصیلات حاصل کرنے کی ہدایت دی گئی۔ بتایا جاتا ہے کہ جاریہ سال 3800 گورنمنٹ ٹیچرس وظیفہ پر سبکدوش ہورہے ہیں۔ یہ ٹیچرس دراصل 2021 میں وظیفہ پر سبکدوش ہونے والے تھے لیکن حکومت کی جانب سے سبکدوشی کی عمر میں تین سال اضافہ کے نتیجہ میں وہ خدمات پر برقرار ہیں اور جاریہ سال سبکدوش ہوں گے۔ مارچ سے گورنمنٹ ٹیچرس کی سبکدوشی کا آغاز ہوگا۔ محکمہ اسکولی تعلیم کی جانب سے تمام اضلاع سے گورنمنٹ ٹیچرس کی جائیدادوں کے سلسلہ میں تفصیلات طلب کی گئی ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ گذشتہ سال اگسٹ میں 5089 ٹیچرس کی جائیدادوں پر تقررات کیلئے محکمہ تعلیم نے نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔ کانگریس نے تمام جائیدادوں کو یکجا کرتے ہوئے میگا ڈی ایس سی کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت مزید 5 ہزار جائیدادوں کا اضافہ ہوسکتا ہے۔ لوک سبھا چناؤ کے شیڈول کی اجرائی کی صورت میں انتخابی ضابطہ اخلاق نافذ ہوجائے گا اور تقررات کا اعلامیہ جاری نہیں کیا جاسکتا۔ حکومت نے اس سلسلہ میں عہدیداروں کو فوری اقدامات کرنے کی ہدایت دی ہے۔ جاریہ سال وظیفہ پر سبکدوش ہونے والے سرکاری ٹیچرس میں سب سے زیادہ حیدرآباد کے 370 اساتذہ ہیں۔ اس کے علاوہ میڑچل260 ، کھمم 240 ، رنگاریڈی 210 ، سنگاریڈی 200 اور نظام آباد 190 اساتذہ شامل ہیں، سب سے کم 40 اساتذہ نارائن پیٹ میں وظیفہ پر سبکدوش ہوں گے۔1
جلسہ قومی یکجہتی و مشاعرہ
حیدرآباد ۔ 24 ۔ جنوری : ( راست ) : اسوسی ایشن آف اردو ڈیولپمنٹ کے زیر اہتمام یوم جمہوریہ کے موقع پر 26 جنوری بعد نماز جمعہ 3 بجے دن اردو کاٹیج مصری گنج میں جلسہ قومی یکجہتی و مشاعرہ منعقد کیا جارہا ہے ۔ جس کی صدارت تمیز الدین احمد کریں گے ۔۔
اعجاز الزماں ، عتیق الرحمن ، صاحبزادہ وقار الدین اور نصیر ورنگلی جلسہ سے خطاب کریں گے ۔۔