8 لاکھ بوگس کارڈ کی نشاندہی اور اخراج کے علاوہ نئے کارڈس کی اجرائی کا جائزہ
حیدرآباد : ریاست سے بوگس راشن کارڈ کے اخراج کا مسئلہ پھر ایک بار منظر عام پر آیا ہے ۔ چیف منسٹر کے سی آر نے تمام اہل افراد کو نئے راشن کارڈ فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ حکومت نئے راشن کارڈس کی اجرائی سے قبل بوگس راشن کارڈس کے اخراج پر توجہ مرکوز کی ہوئی ہے ۔ ریاست میں تقریباً 8 لاکھ راشن کارڈس بوگس ہونے کا اندازہ لگایا جارہا ہے ۔ چیف منسٹر کے ساتھ منعقد ہونے والے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کے بعد اس پر قطعی فیصلہ کا قوی امکان ہے ۔ ریاست میں فی الحال 87.56 لاکھ راشن کارڈس ہیں ۔ جن سے 2.8 کروڑ صارفین استفادہ کررہے
ہیں ۔ سبسیڈی پر چاول کی فراہمی پر حکومت کو سالانہ 2200 کروڑ روپئے کا بوجھ عائد ہورہا ہے ۔ واضح رہے کہ پہلے ہی نقل مقام کرنے والے عوام ایک ہی خاندان میں 2 یا اُس سے زائد کارڈس رکھنے والوں کی عوام کی نشاندہی کی گئی ہے ۔ ایک ہی گھر میں سفید اور گلابی کارڈ کی تفصیلات ۔ گھر میں نہ رہنے کے باوجود راشن حاصل کرنے اور راشن کارڈ گیرندوں کی موت کی تفصیلات حاصل کرکے ابھی تک 10 لاکھ راشن کارڈس کا اخراج کردیا گیا ۔ ریاست میں طویل عرصے سے نئے راشن کارڈس جاری نہیں کئے ہیں ۔ عوام بے چینی سے نئے کارڈس کی اجرائی کا انتظار کررہے ہیں ۔ ہر ضلع میں نئے راشن کارڈس کیلئے زیادہ سے زیادہ درخواستیں حاصل ہوئی ہیں جن میں کئی درخواستوں کا جائزہ لیا گیا اور کئی درخواستوں کی منظوری نہیں ہوئی ہے ۔ گریٹر حیدرآباد میں 1.65 لاکھ اور ضلع رنگاریڈی میں ایک لاکھ سے زائد درخواستیں زیرالتواء ہونے کا علم ہوا ہے ۔