کابینہ سب کمیٹی کا اجلاس، بھٹی ورکرامارکا، سریدھر بابو اور اتم کمار ریڈی کی شرکت
حیدرآباد۔ یکم؍ جولائی (سیاست نیوز) ریاست میں مختلف محکمہ جات سے آمدنی اور سرکاری خزانہ کے لئے وسائل میں اضافہ کا جائزہ لینے کے لئے کابینی سب کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا، وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈی سریدھر بابو اور وزیر آبپاشی اتم کمار ریڈی کے علاوہ اعلیٰ عہدیداروں نے شرکت کی۔ ریاست میں نان ٹیکس ریونیو میں اضافہ پر حکومت نے توجہ مرکوز کی ہے۔ جاریہ سال نان ٹیکس ریونیو میں اضافہ درج کیا گیا ہے۔ کابینی اجلاس میں وسائل میں اضافے کے سلسلہ میں گزشتہ اجلاس میں کئے گئے فیصلوں پر عمل آوری کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کا احساس تھا کہ آمدنی اور اخراجات میں فرق کو کم کیا جانا چاہئے۔ گزشتہ حکومت نے بھاری قرض حاصل کیا جس کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ حکومت آمدنی میں اضافے کے وسائل اور ذرائع تلاش کررہی ہے۔ عہدیداروں نے کابینی سب کمیٹی کو مختلف محکمہ جات میں اصلاحی اقدامات سے واقف کرایا تاکہ سرکاری خزانہ کی آمدنی میں اضافہ کیا جاسکے۔ بھٹی وکرامارکا نے کہا کہ کمزور معاشی موقف کے باوجود تلنگانہ حکومت ترقیاتی اور فلاحی اسکیمات پر عمل پیرا ہے۔1
انہوں نے سرکاری محکمہ جات کو ہدایت دی کہ اخراجات میں کمی کرتے ہوئے آمدنی میں اضافے کے امکانات تلاش کریں تاکہ ترقیاتی اور فلاحی اسکیمات پر عمل آوری میں کوئی رکاوٹ نہ رہے۔ 1