ریاست میں ووٹر لسٹ پر خصوصی نظر ثانی کا شروع

   

فہرست کو چار زمروں میں تقسیم کیا جائے گا ، جنوری کے پہلے ہفتہ میں قطعی فہرست کی اجرائی
حیدرآباد : 22ستمبر ( سیاست نیوز) ریاست میں ووٹر لسٹ پر اسپیشل انٹینیو ریویژن (SIR) کیلئے کام شروع ہوگیا ہے ۔ بہار کے بعد الیکشن کمیشن نے اس عمل کو ملک بھر میں رائج کرنے کا اعلان کیا ۔ الیکشن کمیشن نے 10 ستمبر کو دہلی میں تمام ریاستوں کے چیف الیکشن آفیسرس کا اجلاس طلب کیا ۔ کمیشن کے رہنماخطوط کے مطابق ریاستی چیف الیکشن آفیسر نے 19 ستمبر کو تمام ضلع کلکٹرس کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کا اہتمام کیا ۔انہوں نے ضلع کلکٹرس اور اعلیٰ حکام کو واضح ہدایت دی ۔ ووٹر لسٹ پر نظر ثانی کے تعلق سے مختلف اُمور کا جائزہ لیا گیا ۔ SIR کے طور پر پہلے مرحلے میں پروگرام کو ’ میاپنگ اور میاچنگ ‘ کا نام دیا گیا ۔ اس معاملہ میں ضلع ریونیو عہدیداروں کیلئے رہنما خطوط جاری کئے گئے ہیں ۔ ووٹر لسٹ کو 4 زمروں میں تقسیم کرتے ہوئے اس عمل کو 24 ستمبر تک مکمل کرنے کی ہدایت دی گئی جس کے بعد ضلع عہدیدار اس کام میں مصروف ہوگئے ہیں۔ تلنگانہ میں پہلی مرتبہ ہونے والے SIR پر عہدیدار خصوصی توجہ دے رہے ہیں ۔ بہار میں SIR پر سیاسی جماعتوں نے تنقیدیں کیں اور الزامات عائد کئے جس کے بعد بہار میں جن مسائل کا سامنا کرنا پڑا وہی تلنگانہ میں پیدا نہ ہوں اس پر عہدیدار خاص توجہ دے رہے ہیں ۔ اس تناظر میں الیکشن کمیشن نے تمام تفصیلات کو ایک سے دو مرتبہ گہرائی سے جانچنے کی حکام کو ہدایت دی ہے ۔ الیکشن کمیشن نے 2002 سے 2025 تک ووٹر لسٹ کو چار زمروں میں تقسیم کرنے کا حکم دیا ہے ۔اس عمل کو 24 ستمبر سے قبل مکمل کرتے ہوئے تیار رکھنے کا مشورہ دیا گیا ہے ۔ چار زمروں میں تقسیم کرنے کے بعد سنٹرل الیکشن کمیشن کی جانب سے SIR کا شیڈول جاری کیا جائے گا ۔ سنٹرل الیکشن کمیشن کے عہدیداروں نے بتایا کہ آئندہ ماہ شیڈول جاری ہوگا ۔ ڈسمبر تک پوری ووٹر لسٹ پر نظر ثانی کرکے جنوری کے پہلے ہفتہ میں فائنل ووٹر لسٹ جاری کی جائے گی ۔ ریاست میں فی الحال جوبلی ہلز ضمنی انتخاب منعقد ہونے والا ہے ۔ لہذا وہاں SIR نہیں کیا جائے گا ۔ ضمنی انتخاب مکمل ہونے کے بعد ایس آئی آر کا شیڈول جاری کیا جائیگا ۔ SIR کے عمل میں بوتھ لیول آفسیر (BLOS) کا اہم رول رہے گا ، لہذا ان کیلئے اورنٹیشن کلاسیس منعقد کرکے تربیت دی جائے گی ۔2