ریاست میں ٹیکہ اندازی کی موثر رفتار ‘ یومیہ 2 لاکھ ٹیکے دئے جا رہے ہیں

   

جاریہ سال کے ختم تک ریاست کے تمام شہریوں کو ٹیکہ دینے کی سمت پیشرفت جاری
حیدرآباد۔ تلنگانہ میں ٹیکہ اندازی کی موجودہ رفتار جاری رہنے اور ٹیکہ کی سربراہی میں کوئی رکاوٹ پیدا نہ ہونے پر جاریہ سال کے ختم تک تمام شہریوں کو ٹیکہ کا عمل مکمل کیا جاسکتا ہے۔ تلنگانہ میں فی الحال یومیہ 2لاکھ افراد کو ٹیکہ دیا جا رہاہے جو 18 سال سے زائد عمر کے ہیں ۔ محکمہ صحت کے اعداد و شمار کا جائزہ لیا جائے تو یہ بات سامنے آئے گی کہ تلنگانہ میں سرکاری اور خانگی ٹیکہ اندازی مراکز پر یومیہ جملہ 2لاکھ ٹیکہ دیئے جا رہے ہیں اور اگر یہ رفتار جاری رہی تو جنوری 2022 تک تلنگانہ کے تمام شہریوں کو ٹیکہ اندازی مکمل کرلی جائے گی ۔ بتایاجاتا ہے کہ ریاست میں سرکاری مراکز پر یومیہ 1لاکھ 30 ہزار تک ٹیکہ دیئے جا رہے ہیں اور خانگی مراکز پر 60ہزار سے زائد ٹیکہ یومیہ دیئے جانے لگے ہیں۔ محکمہ صحت کے مطابق حکومت کی ہدایات میں کہا گیا کہ سرکاری ٹیکہ اندازی کی سہولتوں میں اضافہ کیا جائے اور آئندہ چند ہفتوں میں حکومت سے ٹیکہ اندازی مراکز کی تعداد میں اضافہ کرکے یومیہ 2لاکھ افراد کی ٹیکہ اندازی کی جائیگی ۔ 35لاکھ افراد ایسے ہیں جنہیں جولائی میں دوسری خوراک دی جانی ہے جبکہ انہیں پہلی خوارک دی جاچکی ہے۔ 18.58 لاکھ ایسے افراد نے 25مئی سے 13 جون کے دوران ٹیکہ حاصل کیا ہے جو دیگر عوارض میں مبتلاء ہیں۔ حکومت کی جانب سے ہائی رسک گروپ کی ٹیکہ اندازی کا عمل مکمل ہونے کے بعد سیلف ہیلپ گروپس کو ٹیکہ اندازی کا منصوبہ تیار کیا جا رہاہے ۔ تلنگانہ میں فی الحال 9لاکھ ٹیکوں کا ذخیرہ ہے اور مرکزی حکومت اور تیارکنندگان سے ٹیکوں کی سربراہی جاری ہے۔ محکمہ صحت کے مطابق گذشتہ 20یوم میں تلنگانہ میں 16لاکھ افراد کو ٹیکہ دیا جاچکا ہے۔ محکمہ صحت کے منصوبہ کے مطابق تلنگانہ میں ماہ جون کے اختتام تک 1 کروڑ افراد کی مکمل ٹیکہ اندازی کے اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔ اس نشانہ کی تکمیل کے ساتھ جنوری 2022 تک ریاست کے تمام شہریوں کی مکمل ٹیکہ اندازی کیلئے کوشش شروع کردی جائے گی۔